’بھارت جوڑو یاترا‘ کی اختتامی تقریب میں اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش، کانگریس صدر نے 21 ہم خیال پارٹیوں کو لکھا خط

کانگریس صدر نے جن پارٹیوں کے سربراہان کو خط لکھا ہے ان میں ترنمول کانگریس، جنتا دل یو، ٹی ڈی پی، این سی پی، سماجوادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی، ڈی ایم کے، سی پی ایم، آر جے ڈی وغیرہ شامل ہیں۔

ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس
ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’بھارت جوڑو یاترا‘ اپنی منزل کی طرف تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ یہ یاترا رواں ماہ کے آخر میں ختم ہوگی اور اس تعلق سے 30 جنوری کو ایک تقریب منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس تقریب میں اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ دراصل کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے 21 ہم خیال پارٹیوں کو خط لکھا ہے جس میں گزارش کی گئی ہے کہ وہ بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب میں شامل ہوں۔

’بھارت جوڑو یاترا‘ کی اختتامی تقریب میں اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش، کانگریس صدر نے 21 ہم خیال پارٹیوں کو لکھا خط

ملکارجن کھڑگے کے ذریعہ ہم خیال پارٹیوں کو لکھے گئے خط کی کاپی کانگریس رکن پارلیمنٹ جئے رام رمیش نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوٹ کیا ہے اور لکھا ہے کہ ’’کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے 30 جنوری کو بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب میں یکساں نظریہ رکھنے والی 21 پارٹیوں کے سربراہان کو خط لکھ کر مدعو کیا ہے۔‘‘


اس خط میں ملکارجن کھڑگے نے لکھا ہے کہ ’’جیسا آپ جانتے ہیں، کنیاکماری سے شروع ہوئی بھارت جوڑو یاترا اب تک 3300 کلومیٹر کا سفر طے کر چکی ہے۔ یاترا میں خیر سگالی اور برابری کا ایک بہت ہی سادگی بھرا اور مستحکم پیغام دیا گیا ہے۔ ہندوستانیوں نے صدیوں سے ان اقدار کے لیے جدوجہد کی ہے اور یہ ہمارے آئین میں موجود ہے۔‘‘ انھوں نے خط میں مزید لکھا ہے کہ ’’گرمی، سردی اور بارش میں بھارت یاتری روزانہ 25-20 کلومیٹر پیدل چلتے ہیں۔ انھوں نے یاترا کے پیغام کو لاکھوں لوگوں تک پہنچایا ہے۔ یاترا کی شروعات سے ہم نے سبھی ہم خیال ہندوستانیوں کو یاترا میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ راہل گاندھی کی دعوت پر مختلف مراحل میں کئی سیاسی پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ بھی یاترا میں ساتھ چلے ہیں۔ اب میں آپ کو 30 جنوری کو سری نگر میں منعقد ہونے والی بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب میں ذاتی طور پر شامل ہونے کے لیے مدعو کرتا ہوں۔‘‘

’بھارت جوڑو یاترا‘ کی اختتامی تقریب میں اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش، کانگریس صدر نے 21 ہم خیال پارٹیوں کو لکھا خط

ملکارجن کھڑگے نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’اس تقریب میں ہم نفرت اور تشدد سے لڑنے، سچائی، ہمدردی اور عدم تشدد کا پیغام پھیلانے اور سبھی کے لیے آزادی، برابری، بھائی چارہ و انصاف کے آئینی اقدار کی حفاظت کرنے کے لیے خود کے عزائم کو دہرائیں گے۔ ہمارے ملک کے لیے بحران کے اس وقت میں، جہاں عوام کے ایشوز سے ان کی توجہ منظم طریقے سے ہٹائی جا رہی ہے، یہ یاترا ایک طاقتور آواز کی شکل میں ابھری ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ اس میں شامل ہوں گے اور اس کے پیغام کو مزید مضبوط کریں گے۔‘‘


کانگریس صدر کھڑگے نے یہ خط جن پارٹیوں کے سربراہان کو لکھا ہے ان میں ترنمول کانگریس، جنتا دل یو، ایس ایس، ٹی ڈی پی، این سی پی، سماجوادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی، ڈی ایم کے، سی پی ایم، سی پی آئی، جے ایم ایم، آر جے ڈی، آر ایل ایس پی، ہم، پی ڈی پی، این سی، ایم ڈی ایم کے، وی سی کے، آئی یو ایم ایل، کے ایس ایم، آر ایس پی شامل ہیں۔ شرد یادو کو بھی بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔