تریپورہ بلدیاتی انتخابات: شرپسندوں نے ترنمول امیدوار پر چلائی گولی

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے سلسلے میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، اور مجرموں کو پکڑنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

فائر، علامتی تصویر یو این آئی
فائر، علامتی تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

اگرتلہ: تریپورہ کے اگرتلہ میونسپل کارپوریشن (اے ایم سی) انتخابات میں وارڈ نمبر ایک سے ترنمول کانگریس کی امیدوار گوری مجمدار پر کل رات بدمعاشوں کے ایک گروپ نے ان کے گھر پر حملہ کیا اور ان پر گولی چلا دی۔ پولیس نے آج یہاں بتایا کہ حملے کے سلسلے میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور مجرموں کو پکڑنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ امیدوار کو مناسب سیکورٹی فراہم کردی گئی ہے اور علاقے میں اضافی سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ چونکہ یہ علاقہ ہند-بنگلہ دیش سرحد پر واقع ہے، اس لیے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

گوری مجمدار نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار رنجیت مجمدار کی قیادت میں کارکنوں نے آدھی رات کو ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا۔ شرپسندوں نے گیٹ توڑ کر اور ’بھارت ماتا کی جئے‘ کے نعرے لگا کر گھر میں توڑ پھوڑ کی۔ انہوں نے کہا کہ رنجیت نے اچانک مجھ پر دور سے گولی چلائی لیکن میں بچنے کی کوشش میں فرش پر لیٹ گئی۔ اس کے جانے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور میرے گھر سے کارتوس برآمد کر لیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ میری شکایت کے باوجود پولیس نے رنجیت کو حراست میں لینے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ ان کے کارکنوں نے پولیس والوں کے سامنے مجھے جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی ہے۔


انہوں نے کہا کہ کارکنوں نے انتخابات کے دوران پولنگ ایجنٹوں کو نہ بھیجنے کی دھمکی دی اور غیر بی جے پی حامیوں کو 25 نومبر کو ووٹنگ سے دور رہنے کی تنبیہ کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بارے میں پولیس کو آگاہ کر دیا ہے۔ پولیس نے انہیں شرپسندوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس دوران ترنمول کنوینر سبل بھومک نے الزام لگایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی یقین دہانی کے باوجود ترنمول امیدواروں کو فون پر دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے تمام معاملات سپریم کورٹ کے سامنے اٹھا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔