وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو عہدہ سے ہٹانے والے بل کے لیے زیر تشکیل جے پی سی سے ترنمول کانگریس نے کیا کنارہ
ترنمول کانگریس نے کہا کہ ’’ہم 130ویں آئین ترمیم بل کی ابھی تجویز کے مرحلہ میں ہی مخالفت کرتے ہیں۔ ہمارے خیال سے جے پی سی ایک تماشہ ہے، اس لیے ہم ترنمول کانگریس سے کسی کو نامزد نہیں کر رہے ہیں۔‘‘

ترنمول کانگریس نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو عہدہ سے ہٹانے کا خاکہ طے کرنے والے 3 بلوں پر غور کرنے کے لیے تشکیل جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کو ’تماشہ‘ قرار دیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ اس جے پی سی میں اپنے کسی بھی رکن پارلیمنٹ کو نہیں بھیجے گی۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے مانسون اجلاس کے دوران مرکز کے زیر انتظام خطہ کی حکومت (ترمیم) بل 2025، آئین (130ویں ترمیم) بل 2025 اور جموں و کشمیر تشکیل نو (ترمیم) بل 2025 لوک سبھا میں پیش کیے۔ اپوزیشن کے ہنگامہ کے بعد ان تینوں ہی بلوں کو پارلیمنٹ کی ایک سلیکٹ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔ اس بارے میں ترنمول کانگریس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم 130ویں آئین ترمیم بل کی ابھی تجویز کے مرحلہ میں ہی مخالفت کرتے ہیں۔ ہمارے خیال سے جے پی سی ایک تماشہ ہے۔ اس لیے ہم ترنمول کانگریس سے کسی کو نامزد نہیں کر رہے ہیں۔‘‘
مجوزہ بل میں سنگین الزامات کے تحت مستقل 30 دنوں تک گرفتار رہنے کی صورت میں وزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ اور وزراء کو عہدہ سے ہٹانے کا التزام ہے۔ دونوں ایوانوں نے بلوں کو جے پی سی کے پاس بھیجنے کا قرارداد پاس کیا ہے، جس میں لوک سبھا کے 21 اور راجیہ سبھا کے 10 اراکین شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں ایوان کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ سرمائی اجلاس نومبر کے تیسرے ہفتہ میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔ ابھی یہ طے نہیں ہوا ہے کہ جے پی سی میں کون کون لوگ شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ ترنمول کانگریس کی چیف اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے قبل میں بھی مذکورہ بالا بلوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔ ممتا نے ان بلوں کو ’سپر ایمرجنسی‘ سے بھی بڑھ کر ہندوستانی جمہوریت کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی سمت میں ایک قدم بتایا تھا۔ انھوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ان بلوں کا مقصد ’ایک شخص، ایک پارٹی‘ نظام کو مضبوط کرنا ہے۔ ساتھ ہی ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ بل آئین کے بنیادی ڈھانچے کو روندنے والا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔