ملک کے نوجوانوں کو خوش کرنے کے لیے ’ریل‘ نہیں روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہوں گے: جے رام رمیش

جے رام رمیش نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا کہ ’’گزشتہ ایک سال میں ملک کی ٹاپ 11 کمپنیوں میں سے 9 میں نئی ملازمت میں 27 فیصد کی کمی یہ بتاتی ہے کہ ملک سنگین روزگار کے بحران سے دوچار ہے۔‘‘

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس
i

کانگریس نے ملک کی بڑی پرائیویٹ کمپنیوں میں نئی بھرتیوں میں آئی کمی کے دعوے والی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا کے رکن جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک اخبار کی کٹنگ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ہم جو بار بار کہہ رہے تھے وہی سچ ثابت ہو رہا ہے۔ مودی حکومت نے ملک کی معیشت کو گہرا نقصان پہنچایا ہے اور اس کا سب سے برا اثر نوجوانوں پر پڑا ہے۔‘‘

کانگریس لیڈر جے رام رمیش اپنی پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’گزشتہ ایک سال میں ملک کی ٹاپ 11 کمپنیوں میں سے 9 میں نئی ملازمت میں 27 فیصد کی کمی یہ بتاتی ہے کہ ملک سنگین روزگار کے بحران سے دوچار ہے۔ لیکن مغرور حکومت حل تلاش کرنے کے بجائے مسائل کے وجود سے ہی انکار کر رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’یہ خبر صرف برف کی چوٹی کا بالائی سرا ہے۔ جب بڑی کمپنیوں میں یہ حالات ہیں تو مودی حکومت کی ’ہم دو، ہمارے دو‘ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے سب سے زیاہ مار جھیل رہے ایم ایس ایم ای سیکٹر کی صورتحال کا آسانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔‘‘


جے رام رمیش کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’تلخ حقیقت یہ ہے کہ مودی حکومت کی غلط معاشی اور روزگار پالیسیوں نے پورے ملک کے جاب مارکیٹ کو گہرے بحران میں دھکیل دیا ہے۔ ملک کی بدقسمتی ہے کہ مودی حکومت نوجوانوں کے روزگار کے بحران کا حل تلاش کرنے کے بجائے آج بھی صرف ہیڈلائن مینجمنٹ اور توجہ بھٹکانے کی سیاست میں مصروف ہے۔‘‘ اپنی ’ایکس‘ پوسٹ کے آخر میں جے رام رمیش لکھتے ہیں کہ ’’ملک کا نوجوان سمجھدار ہے، اسے خوش کرنے کے لیے ریل نہیں، بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔