کمبھ میلے سے واپس ہونے والوں کو کوارنٹائن کیا جائے گا، ممبئی میئر کشوری پیڈنیکر کا بیان

کمبھ میلے میں عقیدت مندوں کی بھیڑ اور کورونا کے خطرات کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی سادھوؤں-سنتوں سے میلے کو ختم کرنے اور اسے علامتی بنانے کی اپیل کی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

محی الدین التمش

اترپردیش کے ہری دوار میں جاری کمبھ میلے سے ممبئی لوٹنے والے عقیدت مندوں کو ممبئی پہنچتے ہی کوارنٹائن کردیا جائیگا۔ ممبئی عظمیٰ میونسپل کارپوریشن کی میئر کشوری پیڈنیکر نے ممبئی میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے مدِ نظر کمبھ میلے سے لوٹ رہے لوگوں کو کوارنٹائن کرنے کی بات کہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کمبھ سے لوٹنے والے عقیدت مندوں کو ممبئی کی ہوٹلوں میں کوارنٹائن کیا جائیگا اور سرکار اس کا خرچ برداشت نہیں کرے گی۔ ان افراد کو خود اپنا خرچ برداشت کرنا پڑے گا۔

کمبھ میلے میں عقیدت مندوں کی بھیڑ اور کورونا کے خطرات کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی سادھوؤں- سنتوں سے میلے کو ختم کرنے اور اسے علامتی بنانے کی اپیل کی ہے۔ اس سے قبل بھی کرناٹک حکومت نے ہری دوار سے لوٹنے والے عقیدت مندوں کو آئسولیشن کے تحت الگ تھلگ رہنے کی صلاح دی تھی۔ کشوری پیڈنیکر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کمبھ میلے سے لوٹنے والے لوگ اپنی اپنی ریاست میں کورونا کو پرساد کی طرح بانٹیں گے، اس لئے انہیں خود اپنے خرچ پر کوارنٹائن ہونے کی ضرورت ہے۔


واضح رہے کہ کمبھ میلے میں یکم اپریل سے پندرہ اپریل کے درمیان 17 سو سے زیادہ افراد کورونا مثبت پائے گئے ہیں، جبکہ ممبئی میں کورونا مثبت معاملات میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ممبئی عظمٰی میونسپل کارپوریشن کے اعداد و شمار کے مطابق ممبئی میں 16 اپریل کو 8 ہزار 8 سو 39 کورونا کےنئے معاملات درج کئے گئے ہیں اور 53 مریض کی اموات کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔ ممبئی میں کل کورونا مثبت مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 61 ہزار 9 سو 98 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 12 ہزار 240 سے تجاوز کرگئی ہے۔ حکومت مہاراشٹر کے محکمہ صحت عامہ کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں 16 اپریل کو 63 ہزار سات سو 29 نئے معاملات سامنے آئے ہیں جو کہ ابھی تک کے سب سے زیادہ مانے جارہے ہیں۔ جبکہ کورونا سے مرنےوالے مریضوں کی تعداد 398 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ ریاست میں کورونا مثبت مریضوں کی تعداد 37 لاکھ سے پار ہوچکی ہے۔

ممبئی اور ریاست مہاراشٹر کے بگڑتے ہوئے حالات کو دیکھتے ہوئے میئر کشوری پیڈنیکر نے کہاکہ 95 فیصد ممبئی کے باشندے پابندیوں پر عمل پیرا ہیں جبکہ صرف پانچ فیصد افراد ہی عائد شدہ پابندی پر عمل پیرا نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ دوسروں کیلئے مصیبت کھڑی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر اسی طرح کے حالات برقرار رہے تو مکمل لاک ڈاؤن لگادینا چاہئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شیو سینا ترجمان اور راجیہ سبھا رکن سنجے راؤت نے بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کمبھ میلے سے واپس آنے والے عقیدت مند کورونا کے معاملات بڑھا سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Apr 2021, 7:10 PM