’یہ آدمی عوام کو صرف ٹوپی پہناتا ہے‘، اڈانی کا نام لیے بغیر مہوا موئترا نے لوک سبھا میں لہرائی ٹوپی

لوک سبھا میں اپنی تقریر کے دوران مہوا موئترا نے ملک کی ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ملک کی ایجنسیوں کے لیے شرم کی بات ہے کہ وہ اس (اڈانی) کے خلاف جانچ نہیں کر پاتی ہیں۔‘‘

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے منگل کے روز لوک سبھا میں مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اڈانی کا نام لیے بغیر انھوں نے مرکز پر حملہ کیا اور لوک سبھا میں ٹوپی لہراتے ہوئے کہا کہ ’’یہ آدمی صرف ٹوپی پہنانے کا کام کرتا ہے‘‘۔ موئترا نے کہا کہ ’’یہ آدمی پی ایم کے ڈیلی گیشن میں جاتا ہے، یہ حکومت کو پیچھے سے چلاتا ہے۔ اس کے خلاف میں 2019 سے ایشو اٹھا رہی ہوں اور اٹھاؤں گی۔‘‘

اپنی تقریر کے دوران مہوا موئترا نے ملک کی ایجنسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ ملک کی ایجنسیوں کے لیے شرم کی بات ہے کہ وہ اس کے خلاف جانچ نہیں کر پاتی ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’یہ آدمی سول ایوی ایشن منسٹر کو بھی ٹوپی پہناتا ہے۔ جی وی کے ممبئی ایئرپورٹ اچھے سے چلا رہی تھی، لیکن سی بی آئی کے دباؤ میں اس آدمی نے وہ بھی لے لیا۔ میں مطالبہ کرتی ہوں کہ اس کے پورے معاملے کی مکمل جانچ کی جائے۔‘‘


لوک سبھا میں اپنی تقریر کے دوران سخت رخ اختیار کرتے ہوئے ترنمول کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’لوگ مجھ پر سوال اٹھا رہے ہیں کہ میرے پیچھے چین یا امریکہ ہے، لیکن یہ غلط ہے۔ میرے خلاف فرضی خبر پھیلانے کی مہم چلانے والوں کو میں بتاتی ہوں کہ میرے پیچھے کوئی نہیں ہے، میں سچائی کے ساتھ ہوں۔‘‘ مہوا موئترا نے اڈانی معاملے پر جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب جب ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی طرف بڑھ رہا ہے، تو ایسے میں ملک کا وقار داؤ پر ہے۔ اب حکومت کو اس معاملے میں پوری طرح جانچ کرانی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔