’یہ سب ہاریں گے‘، بی جے پی کی فہرست پر اکھلیش یادو کا ردعمل

اکھلیش یادو نے کہا کہ جب ملزمین کو ٹکٹ دیئے جا رہے ہیں تو یہ بات بے معنی ہو جاتی ہے کہ بی جے پی کسانوں کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو / آئی اے این ایس</p></div>

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

 لوک سبھا کے لیے بی جے پی کے اعلان کردہ امیدوار پہلے دن سے ہی موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔ کبھی کوئی ٹکٹ ملنے کے بعد الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کر رہا ہے تو کبھی کوئی ٹکٹ نہ ملنے پر سیاست سے ہی کنارہ کشی کی بات کر رہا ہے۔ ایسے میں اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو بی جے پی کے امیدواروں کے بارے میں کہا ہے کہ یہ سب ہاریں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’یہ جو لسٹ آپ دیکھ رہے ہیں، یہ سب کے سب ہاریں گے۔‘‘ مرکزی وزیر داخلہ برائے مملکت اجئے مشرا ٹینی کو ٹکٹ دینے کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’جب ملزمین کو ٹکٹ دیئے جا رہے ہیں تو یہ بات بے معنی ہو جاتی ہے کہ بی جے پی حکومت کسانوں کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔‘‘ اکھلیش یادو نے بارہ بنکی سے بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ کے مبینہ ویڈیو پر بھی ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے نہیں دیکھا، مجھے کوئی اطلاع نہیں ہے۔‘‘ واضح رہے کہ بارہ بنکی کے ممبر پارلیمنٹ اور امیدوار اپیندر سنگھ راوت کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کسی غیرملکی َخاتون کے ساتھ قابلِ اعتراض حالت میں نظر آتے ہیں۔ جب کہ اس ویڈیو کے بارے میں ممبر پارلیمنٹ کا دعویٰ ہے کہ وہ جھوٹی ہے اور اے آئی کے ذریعے تیار کردہ ہے۔


سی بی آئی کی نوٹس کے معاملے پر اکھلیش یادو نے کہا کہ سی بی آئی ایک بڑی ایجنسی ہے، اگر وہ سوال کرے گی تو جواب دیں گے۔ اگر تھانے پر بی جے پی کا قبضہ ہے تو سی بی آئی تو ایک بڑی ایجنسی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ژالہ باری اور بارش سے متاثر ہوئے کسانوں کی مدد کی جائے۔ اکھلیش یادو نے اس موقع پر بی جے پی کو ملنے والے الکٹورل بانڈ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس حکومت نے جن صنعتکاروں کے قرضے معاف کیے ہیں، کہیں انہوں نے ہی تو بی جے پی کے الیکٹورل بانڈز نہیں خریدے ہیں؟

سوامی پرساد موریہ کے انڈیا الائنس کی حمایت کرنے کے سوال پر اکھلیش یادو نے کہا کہ موسم تبدیل ہو گیا ہے۔ جب کہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ اور ان کی کابینہ کے ایودھیا دورے پر انہوں نے ’پیارے موہن‘ کہہ کر سوال ٹال دیا۔ پریوار وادر (اقربا پروری) کے معاملے پر اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی عہد کرے کہ کسی پریوار والے کو ٹکٹ نہیں دے گی اور نہ ہی کسی پریوار والے سے ووٹ مانگے گی۔


واضح رہے کہ اس سے قبل اکھلیش یادو نے بی جے پی لیڈروں کے سیاست سے کنارہ کش ہونے یا الیکشن لڑنے سے منع کرنے پر بھی طنز کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’اب تو عوام کے علاوہ بی جے پی والے بھی کہہ رہے ہیں نہیں چاہئے بی جے پی۔‘‘ اس موقع پر سابق ایم ایل اے رشدی میاں بی ایس پی چھوڑ کر ایس پی میں شامل ہوئے جب کہ سابق وزیر شیو کمار بیریا اور دیگر نے ایس پی میں شمولیت اختیار کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔