کانگریس کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کا مدھیہ پردیش میں تیسرا دن، راہل گاندھی نے مرکز کی پالیسیوں پر کیا حملہ

راہل گاندھی ہوائی اڈے سے تقریباً ڈھائی کلومیٹر دور کھلی جیپ میں بیٹھ کر ہنومان اسکوائر پہنچے۔ اس کے بعد وہ کھلی جیپ میں شامل ہوئے اور روڈ شو کیا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

شیو پوری: راہل گاندھی کی قیادت میں جاری کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا فی الحال مدھیہ پردیش میں ہے اور ریاست میں اس یاترا کا آج تیسرا دن ہے۔ یاترا 2 مارچ کو مدھیہ پردیش میں داخل ہوئی تھی۔ راہل گاندھی نے یاترا کے تیسرے دن کا آغاز شیو پوری سے کیا جہاں انہوں نے مرکزی حکومت پر حملہ بولا۔

مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر حملہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے مادھو اسکوائر پر منعقدہ جلسہ عام سے کہا، ’’ملک میں ذات پر مبنی مردم شماری جان بوجھ کر نہیں کرائی جا رہی ہے۔ میں ہر بار کہتا ہوں کہ ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے، تاکہ پسماندہ طبقات، ایس سی، ایس ٹی قبائلیوں کی تعداد واضح طور پر ظاہر ہو سکے لیکن مرکزی حکومت اس پر کچھ نہیں کہہ رہی ہے۔‘‘


راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں تین بڑے مسائل ہیں بے روزگاری، مہنگائی اور تیسرا بدعنوانی لیکن ان تینوں مسائل کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ کانگریس کی یاترا کے تیسرے دن پارٹی کے ریاستی صدر جیتو پٹواری، سابق وزیر اعلیٰ دگوجے سنگھ اور شیو پوری گنا علاقے کے تمام بڑے لیڈران ان کے ساتھ نظر آئے۔

قبل ازیں، راہل گاندھی ہوائی اڈے سے تقریباً ڈھائی کلومیٹر دور کھلی جیپ میں بیٹھ کر ہنومان اسکوائر پہنچے۔ اس کے بعد وہ کھلی جیپ میں شامل ہوئے اور روڈ شو کیا۔ اس دوران پوری سڑک کو یک طرفہ کر دیا گیا اور کئی مقامات پر ٹریفک کا رخ بھی موڑ دیا گیا۔ روڈ شو میں گنا-اشوک نگر ضلع کے لوگ سڑک کے دونوں طرف کھڑے تھے اور زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔


اس کے ساتھ ہی بھیڑ بھی روڈ شو کے پیچھے بھاگ رہی تھی۔ اس طرح یہ روڈ شو ہنومان چوراہا سے اے بی روڈ سے شروع ہو کر تقریباً ڈھائی کلومیٹر طویل ریلوے اوور برج سے نیچے جا پہنچا۔ اس کے بعد آل انڈیا کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی محبت کی دُکان نامی بس میں سوار ہوئے اور راگھو گڑھ کے لیے روانہ ہو گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔