’یہ پارٹی کے نظریات نہیں‘، چین سے متعلق سیم پیترودا کے بیان پر کانگریس کا رد عمل
جئے رام رمیش نے کہا کہ چین ہماری سب سے بڑی خارجہ پالیسی، باہری سیکورٹی اور ساتھ ہی معاشی چیلنج بنا ہوا ہے، کانگریس نے چین کے تئیں مودی حکومت کے نظریات پر بار بار سوال اٹھائے ہیں۔

انڈین اوورسیز کانگریس کے صدر سیم پیترودا نے چین سے متعلق ایک بیان دیا ہے جو تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ اس بیان سے کانگریس نے خود کو کنارہ کر لیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ اس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’سیم پیترودا کا بیان پارٹی کے نظریات نہیں ہیں۔‘‘
اپنے پوسٹ میں جئے رام رمیش لکھتے ہیں کہ ’’سیم پیتروگرا کی طرف سے چین پر ظاہر کیے گئے خیال یقینی طور سے انڈین نیشنل کانگریس کے نظریات نہیں ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’چین ہماری سب سے بڑی خارجہ پالیسی، باہری سیکورٹی اور ساتھ ہی معاشی چیلنج بنا ہوا ہے۔ کانگریس نے چین کے تئیں مودی حکومت کے نظریات پر بار بار سوال اٹھائے ہیں، جن میں 19 جون 2020 کو وزیر اعظم کے ذریعہ چین کو عوامی طور سے کلین چٹ دینا بھی شامل ہے۔‘‘ جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ’’چین پر ہمارا سب سے حالیہ بیان 28 جنوری 2025 کو سامنے آیا تھا۔ یہ بھی بے حد افسوسناک ہے کہ پارلیمنٹ کو حالات پر بحث کرنے اور ان چیلنجز کا اثردار طریقے سے سامنا کرنے کے لیے اجتماعی عزم ظاہر کرنے کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ سیم پیترودا نے چین سے متعلق اپنے بیان میں کہا تھا کہ چین سے خطرے کو اکثر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے اور ہندوستان کا نظریہ ہمیشہ ٹکراؤ والا رہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ممالک کو ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہیے، نہ کہ تصادم۔ ہمیں اس ذہنیت کو بدلنے کی ضرورت ہے اور یہ ماننا بند کرنا ہوگا کہ چین پہلے دن سے ہی دشمن ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔