دہلی میں بارش سے فی الحال راحت نہیں، یوپی-بہار سمیت متعدد ریاستوں کے لیے آئی ایم ڈی کا الرٹ جاری

شدید بارش سے دہلی کی سڑکیں تالاب بن گئی ہیں اور لوگوں کو ٹریفک کے مسئلے سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ چھتر پور، دوارکا، پالم، وسنت کنج اور مہرولی جیسے علاقوں میں اگلے ایک ہفتے تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش کا دور جاری/ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہند کے کئی حصوں میں بارش نے حالات خراب کر دیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی کے چھتر پور، دوارکا، پالم، وسنت کنج اور مہرولی جیسے علاقوں میں اگلے ایک ہفتے تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس درمیان زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 26 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے. ایسے میں دہلی والوں کو بارش ہونے سے گرمی سے تو راحت مل رہی ہے لیکن مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے جگہ جگہ آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔

دہلی کی سڑکیں تالاب بن گئی ہیں اور لوگوں کو ٹریفک کے مسئلے سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ الگ الگ علاقوں سے کئی ویڈیو اور تصویریں سامنے آ رہی ہیں۔ ایک وائرل ویڈیو میں ایک شخص سڑک پر پانی میں ڈبکی لگاتا ہوا نظر آیا۔ دہلی کو اس بارش سے ابھی نجات ملنے کی امید بھی کم ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی طرف سے دہلی کے لیے اگلے سات دنوں تک شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔


آج گجرات علاقے میں بھی کچھ مقامات پر شدید بارش ہونے کے آثار ہیں۔ آئندہ سات دنوں تک گجرات علاقے، کونکن اور گوا، وسطی مہاراشٹر میں کچھ مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ 30 اور 31 اگست کو مشرقی راجستھان میں کچھ مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ 30 اگست سے 2 ستمبر کے دوران جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، مغربی اتر پردیش، راجستھان میں کچھ مقامات پر شدید بارش جاری رہنے کی پیشن گوئی ہے۔

پہاڑی ریاستوں کے لیے بارش آفت بن گئی ہے۔ اتراکھنڈ سے لے کر ہماچل پردیش، جموں و کشمیر تینوں ریاستوں میں حالات انتہائی خراب ہیں۔ اب محکمہ موسمیات کی طرف سے اتراکھنڈ، ہماچل پردیش میں کچھ مقامات پر اگلے پانچ دنوں تک بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اتراکھنڈ میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک شدید بارش کا الرٹ ہے جبکہ پنجاب، اتر پردیش میں آواز اور بجلی چمکنے کے ساتھ بارش کی بوچھار ہونے کے آثار ہیں۔


آئندہ 7 دنوں کے دوران ساحلی کرناٹک میں الگ الگ جگہوں پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔ کیرالہ، کرناٹک، ساحلی آندھرا پردیش اور ینم، تلنگانہ، لکدش دیپ، تمل ناڈو میں کچھ مقامات پر آواز اور بجلی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 5 ستمبر تک وسطی مدھیہ پردیش میں کچھ مقامات پر شدید بارش کے آثٓر ہیں۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے 30 اور 31 اگست کو ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، سکم، بہار، جھارکھنڈ، اوڈیشہ، چھتیس گڑھ میں کچھ جگہوں پر شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

30 اگست سے 4 ستمبر کے دوران اروناچل پردیش، آسام اور میگھالہیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اگلے 5 دنوں کے دوران کئی جگہوں پر بجلی گرنے کا امکان ہے۔ ایسے میں ماہی گیروں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ 30 اگست سے 3 ستمبر 2025 تک صومالیہ، عمان ساحلوں اور آس پاس کے سمندری علاقوں میں نہ جائیں۔