یوگی نے پھر سے واہ واہی والا چشمہ پہن لیا ہے: اکھلیش

اکھلیش یادو نے کہا کہ وزیراعلی کورونا سے ٹھیک ہونے کے بعد پھر سے اپنا پرانا چشمہ پہن لیا ہے، وہ اگر واہ واہی والا چشمہ اتار کر دیکھتے تو انہیں افراتفری اور پریشان حال لوگوں کے چہروں پر درد نظر آتا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنو: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ کورونا انفیکشن سے صحت یاب ہونے کے بعد وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پھر سے اپنا پرانا چشمہ پہن لیا ہے، جس میں انہیں ہر طرف امن و سکون اور حکومت کی اسکیموں کی دھوم دھام نظر آنے لگی ہے۔ واہ واہی والا چشمہ اتار کر دیکھتے تو انہیں زمینی حقیقت میں چاروں طرف افراتفری اور پریشان حال لوگوں کے چہروں پر درد نظر آتا۔

اکھلیش یادو نے سنیچر کو جاری بیان میں کہا کہ جب حالات اتنے دردناک ہوں تب وزیراعلی کے گیہوں خرید اور گنا پیرائی سے متعلق بیان زخم کو کریدتے ہیں۔ کورونا وبا میں کہاں کاروباری سرگرمیاں چل رہی ہیں۔ گیہوں خریداری کئی اضلاع میں بند چل رہی ہے، خریداری مراکز کھل نہیں رہے جو کھلے ہیں خرید کے بجائے بوریاں کم ہونے، ترازو کے خراب ہونے اور ادائیگی کے لئے پیسہ نہ ہونے کے بہانے بنا رہے ہیں۔ مجبوری میں کسان ایم ایس پی کی بجائے بچولیوں کو بہت کم قیمت میں اپنی فصل فروخت کر رہے ہیں۔ دھان کی لوٹ پہلے ہوچکی ہے۔


ایس پی کے صدر نے کہا کہ وزیراعلی کا نیا اعلان ہے کہ جب تک کھیتوں میں گنا رہے گا تب تک ملیں چلیں گی۔ یہ اعلان کسی ہوائی کلابازی سے کم نہیں۔ اس بحران کے دور میں کتنی ملیں چل رہی ہیں یہ بی جے پی حکومت کو بتانا چاہیے۔ کسان طویل عرصہ سے اپنی ادائیگی کے لئے پریشان ہیں۔ اس کا تقریباً پندرہ ہزار کروڑ کا بقایہ ہے۔ سود چھوڑیے اصل بھی ہاتھ نہیں لگا ہے۔ چار برس سے گنے کی قیمت بھی نہیں بڑھ رہی ہے۔ کسان کا گنا پہلے ہی برباد ہوچکا ہے۔ چینی میلوں میں کسانوں کو کم تولنے سے لے کر ادائیگی تک کے لئے دقت کا سامنا ہے۔ بی جے پی حکومت سے انہیں کوئی راحت بھی نہیں ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ریاست میں کسانوں کو سب سے زیادہ نظراندازی کا شکار بنایا ہے۔ ان کی چار برس کی مدت کار میں کسان کو ہر سطح پر پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔ گزشتہ کئی مہینوں سے کسان تحریک کر رہے ہیں لیکن انہیں صرف لاٹھی کے علاوہ کوئی جواب نہیں ملا ہے۔ بی جے پی کی اس کارکردگی کا جواب اب کسان آئندہ برس 2022 کے اسمبلی انتخابات میں دینے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔