بہار: "این ڈی اے عوام کو ایشوز سے بھٹکا کر انتخاب جیتنا چاہتی ہے"

بہار انتخاب میں جیت درج کرنے کے لیے سبھی پارٹیوں نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔ اس دوران دیگر ریاستوں کے لیڈران بھی بہار میں کیمپ کیے ہوئے ہیں۔

تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
تیجسوی یادو، تصویر یو این آئی
user

روی پرکاش

بہار میں دوسرے مرحلہ کی پولنگ 3 نومبر کو ہونے والی ہے اور سیاسی ماحول پوری طرح سے گرم ہے۔ سبھی پارٹیاں اپنی پوری طاقت لگا رہی ہیں تاکہ ان کے امیدوار کامیاب ہو سکیں۔ کئی ریاستوں کے سرکردہ لیڈران بھی بہار میں کیمپ کیے ہوئے ہیں۔ ہریانہ کانگریس کے کئی مشہور لیڈران بہار میں انتخابی تشہیر کر رہے ہیں اور مہاگٹھ بندھن کے حق میں لہر تیز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کے داماد اور ہریانہ کے ریواڑی حلقہ سے کانگریس رکن اسمبلی چرنجیو راؤ لگاتار بہار میں تشہیر کر رہے ہیں۔ گزشتہ تین دنوں سے سمستی پور ضلع کے حسن پور حلقہ سے مہاگٹھ بندھن کے امیدوار تیج پرتاپ یادو کے لیے انتخابی تشہیر کر لوٹے چرنجیو راؤ نے خبر رساں ادارہ آئی اے این ایس سے کہا کہ مہاگٹھ بندھن کے حق میں ہوا بہہ رہی ہے اور اس بار تیجسوی طے ہے۔

لالو پرساد کی بیٹی انوشکا کے شوہر چرنجیو راؤ کو سیاست وراثت میں ملی ہے۔ ہریانہ کے وزیر رہے اور مشہور لیڈر اجے سنگھ کے بیٹے چرنجیو کہتے ہیں کہ مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ عہدہ کے امیدوار تیجسوی جس طرح سے اپنے انتخابی جلسہ میں بے روزگاری کا ایشو اٹھا رہے ہیں، اس سے نوجوان ان کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔


وزیر اعظم کے ذریعہ 'جنگل راج کے یوراج' کہے جانے پر چرنجیو راؤ نے کہا کہ این ڈی اے کے پاس کوئی ایشو نہیں بچا ہے۔ انھوں نے کہا کہ این ڈی اے کے لیڈر پرانی باتوں کے بہانے انتخاب جیتنا چاہتے ہیں، لیکن انتخاب جیتنے کے بعد وہ کیا کریں گے، اس پر کچھ نہیں کہہ رہے۔ بی جے پی کے ذریعہ 19 لاکھ لوگوں کو روزگار دینے کے وعدے پر سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ "15 سالوں سے بہار میں این ڈی اے کی حکومت ہے، انھیں کسی نے ملازمت دینے سے روکا تھا کیا؟"

ہریانہ کے یوتھ لیڈر میں شمار راؤ کہتے ہیں کہ انتخاب کے بعد تیجسوی یادو کی قیادت میں حکومت بنے گی۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ تیجسوی بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی کابینہ میں بھی شامل رہے ہیں، ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ بھی سنبھال چکے ہیں، اس وقت تو مجرمانہ واقعات میں کمی آئی تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اور جے ڈی یو عوام کو ایشوز سے بھٹکا کر انتخاب جیتنا چاہتی ہے، لیکن بہار کے عوام اس انتخاب میں کس کو ووٹ دینا ہے یہ ذہن تیار کر چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نتیش کمار کسی طرح بہار کے اقتدار میں بنے رہنا چاہتے ہیں، ان کے لیے، اتحاد یا پارٹی کوئی معنی نہیں رکھتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔