کشمیر میں خشک موسم سے میوہ باغ مالکان اور کسان پریشان

ایک باغ مالک نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ کافی وقت سے بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے پیڑوں پر لگے پھلوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں جاری خشک موسم کسانوں اور میوہ باغ مالکان کے لئے پریشانی کا باعث بن گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے تمام اقسام کے فصل و پھل تباہ ہو رہے ہیں۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے چار دنوں کے دوران بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 جولائی سے عمل تکثیف میں اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں وادی میں کہیں کہیں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔

وادی میں ہفتے کے روز بھی مطلع اگرچہ ابر آلود رہا لیکن موسم خشک رہا اور گرمی کی تمازت میں کوئی تفاوت نہیں دیکھی گئی۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے فصلیں تباہی کے دہانے پر ہیں۔ ایک باغ مالک نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ کافی وقت سے بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے پیڑوں پر لگے پھلوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔


انہوں نے کہا کہ اگر مستقل قریب میں بارشیں نہیں ہوئیں تو کافی نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغوں کے علاوہ دھان اور دیگر فصلیں بھی سوکھ رہی ہیں۔ متعلقہ محکمہ کے ترجمان کے مطابق سری نگر میں گزشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 18.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔