موسم نے پھر لی کروٹ، سردی میں اضافہ کے درمیان بارش کا بھی امکان، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

شمال مغربی ہندوستان میں درجہ حرارت 3-5 ڈگری سیلسیس بڑھنے اور پھر اگلے چند ہفتوں میں 2-4 ڈگری سیلسیس تک گرنے کا امکان ہے۔ مہاراشٹر میں اگلے دو دنوں میں درجہ حرارت 2-3 ڈگری سیلسیس میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

بارش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

شمالی ہندوستان میں ایک بار پھر موسم تبدیل ہوتا نظر آرہا ہے۔ انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) کے مطابق آج 31 جنوری سے 3 فروری کے درمیان 2 مغربی طلاطم سرگرم رہیں گے۔ اس وجہ سے یکم فروری کو جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ اور چندی گڑھ میں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔

شمال مغربی اور وسطی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ راجستھان کے کچھ حصوں میں آج ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ وہیں شمال مغربی ہندوستان میں درجہ حرارت 3-5 ڈگری سیلسیس بڑھنے اور پھر اگلے چند ہفتوں میں 2-4 ڈگری سیلسیس تک گرنے کا امکان ہے۔ مہاراشٹر میں اگلے دو دنوں میں درجہ حرارت 2-3 ڈگری سیلسیس میں اضافہ ہوسکتا ہے۔


دہلی میں آج صبح موسم جزوی طور پرابرآلود رہے گا۔ صبح کے وقت ہلکا کہرا رہنے کا امکان ہے۔ دوپہر کا وقت قدرے صاف رہے گا حالانکہ شام اور رات میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20-22 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 6-8 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔

وہیں اتر پردیش میں بھی ایک بار پھر موسم تبدیل ہوتا نظر آرہا ہے۔ کبھی بارش تو کبھی کہرا یہاں آفت بنا ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یکم فروری سے ریاست کے مختلف اضلاع میں گہرے بادل چھائے نظر آئیں گے۔ اگلے دو روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی۔ اس کے بعد اس میں آہستہ آہستہ اضافہ ہوگا۔


لکھنؤ موسمیاتی مرکز سے موصولہ اطلاع کے مطابق 31 جنوری کو مغربی اتر پردیش میں موسم معمول پر رہے گا۔ دریں اثنا، مشرقی اتر پردیش کے کئی اضلاع میں آج 100 سے 500 میٹر حد بصارت والا کہرا نظرآئے گا۔ اس کے علاوہ یکم فروری کو مغربی اتر پردیش کے کئی شہروں میں 30 سے ​​40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ 2 فروری کو آسمان ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشی نگر، مہاراج گنج، سدھارتھ نگر، بلرام پور،شراوستی اور بہرائچ کے ساتھ آس پاس کے اضلاع کے ساتھ میں کہرا نظر آئے گا۔ مرادآباد، مظفر نگر، سنبھل، رامپور، بریلی، پیلی بھیت، لکھیم پور کھیری، بہرائچ، بدایوں، شاہجہاں پور، سیتا پور، ایودھیا، متھرا، پریاگ راج، وارانسی، گونڈا، مرزا پور، چندولی، اعظم گڑھ، جونپور، پرتاپ گڑھ، اناؤ، امیٹھی، رائے بریلی، جھانسی، مہوبہ، کانپور، باندہ اور چترکوٹ میں صاف آسمان رہے گا۔


اُدھر بہار میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہا۔ سپول میں سب سے زیادہ 26.6 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے مغربی اور جنوبی وسطی حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کی کمی واقع ہوئی، جب کہ باقی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی درج نہیں کی گئی ہے۔ سبور، بھاگلپور میں سب سے کم درجہ حرارت 10.0 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔