اگلے 10 گھنٹوں میں یوپی-بہار سمیت 8 ریاستوں میں بارش کا امکان، محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ
محکمہ موسمیات نے بہار، اترپردیش، ہریانہ، مدھیہ پردیش،چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، اتراکھنڈ اور سکم میں درمیانی سے شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔

پورے ملک میں شدید سردی سے لوگ پہلے ہی پریشان ہیں اور اب مسلسل ہو رہی بارش نے حالات مزید مشکل بنا دیے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 10 گھنٹوں کے لیے 8 ریاستوں میں درمیانی سے شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس کا براہ راست اثر بزرگوں، بچوں اور پہلے سے بیمار لوگوں کی صحت پر پڑ سکتا ہے۔ شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں سردی لہر کی صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ پہاڑی ریاستوں میں شدید برف باری کی وجہ سے سیاحوں کے لیے خطرہ بڑھ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بہار، اترپردیش، ہریانہ، مدھیہ پردیش،چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، اتراکھنڈ اور سکم میں درمیانی سے شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ان ریاستوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اتراکھنڈ میں 28 جنوری کو کچھ علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ بہار میں 28 جنوری کو بارش کے ساتھ بجلی اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھٹنے کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سکم میں کچھ مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کے آثار ہیں۔
آئی ایم ڈی نے یہ بھی بتایا کہ 30 جنوری کی رات سے ایک نیا مغربی خلل شمال مغربی ہندوستان کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس کے اثر سے یکم اور 2 فروری کو مغربی ہمالیہ اور آس پاس کے میدانی علاقوں میں شدید بارش اور برف باری ہو سکتی ہے، جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سیلسیل کی کمی درج کی جا سکتی ہے۔
اترکھنڈ میں 28 جنوری کو بھاری بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ ہے۔ نینی تال، پتھورا گڑھ، باگیشور، الموڑہ، چمپاوت اور ادھم سنگھ نگر میں 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ مسوری میں درجہ حرارت 16 سے 8 ڈگری اور دہرادون میں 18 سے 8 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ ہماچل پردیش میں بارش کا الرٹ نہیں ہے، لیکن سرد لہر جاری رہے گی۔ کانگڑہ، منڈی، سولن، ہمیر پور اور سرمور میں سردی کا اثر رہے گا۔ منالی میں درجہ حرارت منفی 1 سے منفی 10 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے اور کئی علاقوں میں مسلسل برف باری ہو رہی ہے۔ جموں و کشمیر میں 28 جنوری کو بارش کا الرٹ نہیں ہے، تاہم صبح کے وقت ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی۔ سری نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 3 اور کم سے کم منفی 6 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔