’وقف بل تاریخ میں سیاہ حروف میں لکھا جائے گا‘، جے پی سی رپورٹ پارلیمنٹ میں رکھے جانے سے قبل کانگریس کا تلخ تبصرہ

کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے کہا کہ ہم نے جو اختلافی نوٹ جمع کیے تھے حکومت نے اسے بھی شامل نہیں کیا، یہ حکومت اپنے ایجنڈے کو چلانے کے لیے ملک میں اقلیتوں کو ہدف بنا رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>کانگریس لیڈر عمران مسعود، ویڈیو گریب</p></div>

کانگریس لیڈر عمران مسعود، ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

’وقف (ترمیمی) بل 2024‘ پر غور و خوض کے لیے تشکیل دی گئی جے پی سی نے اپنی رپورٹ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کے حوالے پہلے ہی کر دی ہے، اور آج اس رپورٹ کو پارلیمنٹ میں رکھا جائے گا۔ اس سے عین قبل کانگریس نے وقف بل کی شدید الفاظ میں مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ اس بل کو تاریخ میں سیاہ حروف سے لکھا جائے گا۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے یہ بیان میڈیا سے بات چیت کے دوران دیا۔ انھوں نے لوک سبھا کا اجلاس شروع ہونے سے قبل میڈیا سے کہا کہ ’’وقف بل پیش کیا جا رہا ہے، لیکن یہ آئین میں ہمیں دیے گئے حقوق پر حملہ ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’وقف تاریخ میں سیاہ حروف میں لکھا جائے گا۔ یہ ملک کے اقلیتوں کے حقوق کو دبانے اور ان کے ساتھ ظلم کی ایک مثال ہے۔‘‘


عمران مسعود نے وقف ترمیمی بل 2024 سے متعلق ہوئی میٹنگوں کے طریقہ کار پر سوال اٹھایا اور اپوزیشن اراکین کی بات نہ سنے جانے پر مایوسی بھی ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے جو ڈیسینٹ نوٹس (اختلافی نوٹ) جمع کیے تھے، حکومت نے اسے بھی شامل نہیں کیا۔ یہ حکومت اپنے ایجنڈے کو چلانے کے لیے ملک میں اقلیتوں کو ہدف بنا رہی ہے۔‘‘

لوک سبھا میں کانگریس کے چیف وہپ کوڈیکونیل سریش نے بھی وقف ترمیمی بل سے متعلق اپوزیشن اراکین کی تجاویز پر غور نہیں کیے جانے کی سرزنش کی ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے پی  سی رپورٹ سے متعلق کہا کہ ’’رپورٹ ادھوری ہے۔ اپوزیشن اراکین کی رائے پر غور نہیں کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جے پی سی کے اپوزیشن اراکین نے لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کر کہا کہ یہ رپورٹ نامکمل، اسے منظور نہیں کیا جانا چاہیے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آج رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جا رہی ہے، لیکن ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔