خود ساختہ ڈبل انجن حکومت میں عوام پر مہنگائی اور ٹیکس کا ’ڈبل اٹیک‘ ہو رہا: کانگریس
جئے رام رمیش نے کہا کہ ڈبل انجن حکومت میں آمدنی بڑھی نہیں، لیکن ٹیکس اور اخراجات نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

کانگریس نے ایک بار پھر مودی حکومت پر بڑھتی مہنگائی اور ٹیکس کے تعلق سے شدید حملہ کیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’خود ساختہ ڈبل انجن حکومت میں ہندوستان کی عوام پر آسمان چھوتی مہنگائی کے ساتھ بڑھتے ٹیکس کا ڈبل اٹیک (دوہرا حملہ) ہو رہا ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں مہنگائی اور ٹیکس کا بوجھ لگاتار بڑھ رہا ہے۔‘‘
جئے رام رمیش نے اپنی پوسٹ میں بڑھی ہوئی مہنگائی اور ٹیکس کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’علاج و تعلیم پر خرچ ہر سال 15-12 فیصد بڑھا، اسکول کی فیس، کتابیں، یونیفارم سبھی مہنگے ہو گئے۔ بینک ہر چھوٹی سروس پر بھی فیس وصول کر رہے ہیں۔ کار، نیٹ بینکنگ، فاسٹیگ تک پر ٹیکس لگ رہا ہے۔ دودھ، دہی، آٹا جیسی ضرورت کی چیزوں پر بھی جی ایس ٹی نافذ ہے۔‘‘
کانگریس جنرل سکریٹری نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’آمدنی بڑھی نہیں، لیکن ٹیکس اور اخراجات نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے مودی حکومت سے یہ سوال بھی پوچھا ہے کہ ’’مودی حکومت جواب دے کہ ٹیکس لوٹ اور بے تحاشہ مہنگائی میں آخر عوام کا گزارہ کس طرح ہوگا؟‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔