دہلی والوں کو مفت بجلی ملتی رہے گی، کابینہ کی ایمرجنسی میٹنگ میں کیجریوال حکومت کا فیصلہ

راجدھانی دہلی میں مفت بجلی فی الحال جاری رہے گی، وزیر خزانہ آتشی سنگھ نے کہا کہ کابینہ کی میٹنگ میں مفت بجلی بل سے متعلق فیصلہ لیا گیا ہے اور اب یہ سہولت مارچ 2025 تک جاری رہے گی۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

دہلی کے لوگوں کو ملنے والی مفت بجلی کی سہولت اب مارچ 2025 تک ملتی رہے گی۔ دہلی حکومت کی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اطلاع دہلی حکومت کی وزیر خزانہ آتشی سنگھ نے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی میٹنگ میں 31 مارچ 2025 تک کے لیے بجلی سبسڈی اسکیم کو منظوری مل گئی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنی رہائش گاہ پر کابینہ کی ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی تھی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر افسران پر دہلی کو مفت بجلی سبسڈی اسکیم کو روکنے کا الزام لگایا۔ میٹنگ کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’دہلی کے لوگوں کو بہت بہت مبارکباد دیتا ہوں۔ آپ کی 24 گھٹنے بجلی (زیرو پاور کٹ) اور مفت بجلی 31 مارچ 2025 تک کے بڑھا دی گئی ہے۔ اس میں وکیل بھائیوں کے چیمبر کی فری بجلی بھی شامل ہے۔‘‘


اپنے پوسٹ میں کیجریوال نے مزید لکھا ہے کہ ’’بجلی سبسڈی کے معاملے میں کئی لوگوں کو شبہ تھا، اگلے سال ملے گی، نہیں ملے گی؟ میں آپ کو بتا دوں کہ ان لوگوں نے تو اسے روکنے کی پوری کوشش کی لیکن آپ کے بیٹے نے یہ کام بھی کروا لیا۔ آپ کی اطلاع کے لیے بتا دوں کہ 24 گھنٹے بجلی اور فری بجلی صرف دہلی اور پنجاب میں ملتی ہے۔ بقیہ پورے ملک میں طویل طویل پاور کٹ لگتے ہیں اور ہزاروں روپئے کے بجلی بل بھرنے پڑتے ہیں، کیونکہ دہلی میں ایماندار اور پڑھے لکھے لوگوں کی حکومت ہے۔‘‘

کابینہ کی میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ آتشی سنگھ نے کہا کہ دہلی میں 24 گھنٹے مفت بجلی فراہم کرنا اروند کیجریوال حکومت کا ایک بڑا وعدہ ہے، جسے وہ گزشتہ 9 سالوں سے پورا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں دہلی وہ واحد ریاست ہے جہاں بجلی 24 گھنٹے رہتی ہے اور 22 لاکھ لوگوں کا بجلی کا بل صفر آتا ہے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ اروند کیجریوال حکومت کی کوئی ایسی پالیسی نہیں ہے جسے مخالفین روکنے کی کوشش نہ کریں۔ جب بھی اروند کیجریوال دہلی کے لوگوں کے لیے کوئی کام کرنا چاہتے ہیں تو ہمارے مخالفین ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ اروند کیجریوال کا کام رک جائے۔‘‘


دہلی حکوت کی وزیر خزانہ آتشی سنگھ نے مزید کہا کہ گزشتہ سال بھی مخالفین کی طرف سے بجلی سبسڈی روکنے کی کوشش کی گئی تھی۔ ایک وقت تو ایسا بھی آیا کہ اعلان کرنا پڑا کہ آج سے مفت بجلی اسکیم ختم ہو جائے گی۔ اس سال بھی گزشتہ ایک ماہ سے مخالفین نے ہر ممکن کوشش کی کہ آنے والے سال 2024-25 کے لیے دہلی کے لوگوں کا بجلی کا بل صفر نہ آئے اور کیجریوال حکومت کی سبسڈی اسکیم رک جائے۔ مخالفین نے افسران کو بلایا اور دھمکی دی کہ دہلی والوں کے صفر بجلی کے بل رک جائیں لیکن اروند کیجریوال جب دہلی والوں سے وعدہ کر دیتے ہیں تو پھر کتنے ہی چیلنجس آجائیں، اسے ضرور پورا کرتے ہیں۔ آج کیجریوال حکومت کی کابینہ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہلی کے  لوگوں کو مفت بجلی اور بجلی سبسڈی ملتی رہے گی۔

وزیر خزانہ آتشی سنگھ نے بتایا کہ 200 یونٹ تک بجلی مفت ہوگی، 400 یونٹ تک بجلی کا بل آدھا ہوگا، دہلی کے وکلاء، کسانوں اور 1984 کے فسادات متاثرین کو گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی مفت بجلی سبسڈی ملتی رہے گی۔ دہلی والوں کے بجلی کا بل صفر آتا رہے گا۔ واضح رہے کہ 4 مارچ کو کیجریوال حکومت میں وزیر خزانہ آتشی نے بجٹ پیش کرتے ہوئے محکمہ توانائی کے لیے 3353 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا تھا۔ دہلی میں 58 لاکھ 86 ہزار گھریلو بجلی صارفین ہیں اور ان میں سے 68.33 فیصد صارفین سبسڈی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ دہلی حکومت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت 40 لاکھ 22 ہزار گھریلو بجلی صارفین دہلی حکومت کی بجلی سبسڈی کا فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔