اگلے دس دن انتہائی اہم، متحدہ کاوشوں سے کورونا سے نجات ممکن: ایل جی کشمیر

منوج سنہا نے کہا کہ اب آنے والا ایک ہفتہ یا دس دن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اگر ان ایام کے دوران بھی اسی لگن سے مل کر کام کیا گیا تو میں سمجھتا ہوں کہ ہم اس مصیبت سے چھٹکارا پالیں گے۔

منوج سنہا، تصویر یو این آئی
منوج سنہا، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جموں: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کورونا لہر کی روک تھام کے لئے افسروں، ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے دس دن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے ان دس دنوں کے دوران مل کر اسی لگن و محنت سے کام کیا تو ہم اس مصیبت سے ضرور چھٹکارا پالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے افسروں، ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی متحدہ کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ہمارے حالات ملک کے دیگر حصوں سے بہتر ہیں۔

موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار یہاں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ کے دوران افسروں سے خطاب کے دوران کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'پچھلے کچھ دنوں سے آپ لوگ، ڈاکٹرس اور دیگر طبی عملہ سخت لگن و محنت سے کام کر رہے ہیں اور آپ لوگوں کی متحدہ کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ہمارے حالات ملک کے دیگر حصوں سے بہتر ہیں، میں آپ لوگوں کی ان کاوشوں کی سراہنا کرتا ہوں'۔ منوج سنہا نے کہا کہ اگلے دس دن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ 'اب ایک ہفتے کا ہی معاملہ ہے، آنے والا ایک ہفتہ یا دس دن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اگر ان دنوں کے دوران بھی اسی لگن سے مل کر کام کیا گیا تو میں سمجھتا ہوں کہ ہم اس مصیبت سے چھٹکارا پالیں گے'۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہے تاکہ وبا کی دوسری لہر سے باہر نکلا جاسکے۔

بتا دیں کہ ملک بھر کی طرح جموں و کشمیر میں بھی کورونا کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے باعث مثبت کیسز اور اموات میں آئے روز غیر معمولی اضافہ درج ہو رہا ہے۔ انتظامیہ دوسری لہر کی روک تھام کو ممکن بنانے کے لئے مختلف النوع اقدام کر رہی ہے جن میں 'کورونا کرفیو' کا نفاذ بھی شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔