انڈیا اتحاد کا آئندہ اجلاس 19 دسمبر کو دہلی میں منعقد ہوگا: جے رام رمیش

کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے انڈیا اتحاد کے چوتھے اجلاس کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اتحاد کا اجلاس 19 دسمبر 2023 کو دہلی میں سہ پہر 3 بجے سے منعقد ہوگا

<div class="paragraphs"><p>اِنڈیا اتحاد کے لیڈران ایک ساتھ</p></div>

اِنڈیا اتحاد کے لیڈران ایک ساتھ

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے اعلان کیا کہ ’انڈیا‘ اتحاد کا چوتھا اجلاس منگل (19 دسمبر) کو منعقد ہوگا۔ پانچ ریاستوں میں انتخابات کے بعد انڈیا اجلاس کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔

جے رام رمیش نے اتوار (10 دسمبر) کو ایکس پر پوسٹ میں لکھا، ’’انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں کا چوتھا اجلاس منگل 19 دسمبر 2023 کو نئی دہلی میں سہ پہر 3 بجے سے منعقد ہوگا۔ جڑے گا بھارت، جیتے گا انڈیا۔’‘

انڈیا کے اس مجوزہ اجلاس کے دوران نشستوں کی تقسیم پر بات چیت کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل مشترکہ انتخابی مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اجلاس کے لیے اپوزیشن گروپ اتحاد کی تھیم ’’میں نہیں، ہم‘ ہوگی۔


خیال رہے کہ پہلے یہ اجلاس 6 دسمبر کو منعقد ہونا تھا، تاہم مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کہا کہ وہ ریاست میں مچونگ طوفان سے پیدا شدہ حالات سے نمٹ رہے ہیں، ممتا بنرجی کے خاندان میں شادی تھی، جبکہ نتیش کمار نے صحت کا حوالہ دیتے ہوئے اجلاس میں آنے سے انکار کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ 27 جماعتی اتحاد کا سابقہ اجلاس ستمبر میں ممبئی میں منعقد ہوا تھا، جس میں رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔ اجلاس کی میزبانی شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔