گجرات کے نئے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل آج دوپہر 2 بجکر 20 منٹ لیں گے حلف

حکمراں بی جے پی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل نے کہا کہ بھوپندر پٹیل اکیلے ہی حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب راج بھون میں 2 بجکر 20 منٹ پر منعقد ہو گئی۔

گجرات کے نو منتخب وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل اور گورنر آچاریہ دیوارت
گجرات کے نو منتخب وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل اور گورنر آچاریہ دیوارت
user

سنجیو اپادھیائے

گاندھی نگر: گجرات کے نومنتخب وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل آج دوپہر 2 بجکر 20 منٹ پر ریاست کے 17 ویں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے عہدے اور رازداری کا حلف لیں گے۔ راج بھون میں منعقدہ تقریب میں گورنر آچاریہ دیو ورت انہیں حلف دلائیں گے۔ وہ اکیلے ہی حلف لیں گے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے موجود رہنے کا امکان ہے۔

بھوپندر پٹیل نے گزشتہ شام راج بھون جا کر گورنر کے سامنے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا تھا۔ اس موقع پر نریندر سنگھ تومر اور پرہلاد جوشی (دونوں مرکزی وزراء) اور پارٹی کے مرکزی جنرل سکریٹری ترون چگ، ریاستی صدر سی آر پاٹل اور ریاستی انچارج بھوپندر یادو، سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی اور کئی سابق وزراء موجود تھے، لیکن سابق نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل کی عدم موجودگی سے ان کی ناراضگی کی قیاس آرائیاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔


حکمراں بی جے پی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل نے کہا کہ بھوپندر پٹیل اکیلے ہی حلف لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب راج بھون میں 2 بجکر 20 منٹ پر منعقد ہو گئی۔ پارٹی تنظیم کے ساتھ بات چیت کے بعد اس کے اگلے ایک دو دنوں میں وزراء کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گجرات میں سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی کے اچانک استعفیٰ دینے کے ایک دن بعد زبردست سیاسی ہلچل اور قیاس آرائیوں کے درمیان گزشتہ روز بھوپندر راجنی کانت پٹیل کو جانشین منتخب کر لیا گیا۔ سابق وزیر اعلیٰ آنندی بین پٹیل کے قریبی 59 سالہ بھوپندر پٹیل سنہ 2017 کے گزشتہ الیکشن میں پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ وہ آنندی پٹیل کے اسمبلی حلقہ احمد آباد کے گھاٹلوڈیا سے ایک لاکھ سے زائد ووٹوں سے جیتے تھے۔ ان کے نام کے اعلان سے ایک بار پھر بی جے پی کی جانب سے حیران کرنے والا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ اگرچہ پہلے کی قیاس آرائیوں کے مطابق بھوپندر پٹیل پاٹیدار برادری سے آتے ہیں، ان کے نام کی دور دور تک بحث نہیں تھی۔


بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں وجے روپانی نے بھوپندر پٹیل کا ایک ہی نام تجویز کیا جس کو سابق وزیر اعلیٰ نتن پٹیل اور دیگر اراکین اسمبلی نے منظوری دے دی۔ وہ متفقہ طور پر منتخب ہوئے۔ پیشہ سے ایک بلڈر رہے بھوپندر پٹیل سردار دھام ٹرسٹ کے ٹرسٹی بھی ہیں، جن کی عمارت کا افتتاح احمد آباد میں آن لائن پرسوں وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔ اسی پروگرام کے بعد وجے روپانی نے اچانک استعفیٰ دے دیا۔ احمد آباد اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ رہے پٹیل مدت کار کے لحاظ سے گجرات کے 22 ویں اور چہرے کے لحاظ سے 17 ویں وزیر اعلیٰ ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */