کورونا وبا کے دور میں ضرورت مندوں کی مدد کے لئے پیش پیش رہنے کی ضرورت: عمر عبداللہ

عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈروں سے ویڈیو کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم غیر یقینی صورتحال میں ہیں، ایسے میں ہمیں آپسی اتحاد اور ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔

جمو ں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ رہا
جمو ں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ رہا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعرات کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کرگل سے وابستہ پارٹی لیڈران اور عہدیداران کے ساتھ ایک میٹنگ کی, جس میں ان کا کہنا تھا کہ 'ہم غیر یقینی صورتحال میں ہیں، ایسے میں ہمیں آپسی اتحاد اور ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے'۔

پارٹی ترجمان کے مطابق میٹنگ میں پارٹی امورات اور خطے کے لوگوں کے مسائل و مشکلات پر تبادلہ خیالات کرنے کے علاوہ اس بات پر بھی غور و خوض کیا گیا کہ کس طرح سے زمینی سطح پر پارٹی سرگرمیاں شروع کی جائیں تاکہ لوگوں کے مسائل و مشکلات کو اجاگر کیا جاسکے۔


ویڈیو کانفرنس میں صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی اور خزانچی شمی اوبرائے کے علاوہ مقامی لیڈران سابق وزیر قمر علی آخون، کرگل ہل کونسل کے چیئرمین فیروز احمد خان، ضلع صدر کرگل محمد حنیفہ جان، سابق ایم ایل سی سعید احمد رضوی، نائب صدر غلام رسول نگوی، سکریٹری ذاکر حسین، یوتھ ضلع صدر محمد عباس نے بھی شرکت کی۔

عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈروں سے ویڈیو کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم غیر یقینی صورتحال میں ہیں، ایسے میں ہمیں آپسی اتحاد اور ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے انسانیت کی بقا کو جو چیلنج درپیش ہے، ایسے میں سیاست یا انفرادی بالادستی کوئی معنی نہیں رکھتی۔


عمر عبداللہ نے کہا کہ ہمیں لوگوں کے مصائب و مشکلات دور کرنے کے لئے پیش پیش رہنا ہوگا جو ہماری پارٹی کا بنیادی اصول رہا ہے۔ نیشنل کانفرنس کا سیاسی فلسفہ روز اول سے یہی رہا ہے اور تاریخ اس کی گواہ ہے کہ نیشنل کانفرنس نے اہم و حساس مراحل پر درپیش چیلنجوں کا کس طرح مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہلک وائرس کے پیش نظر تمام پارٹی وابستگان کو ضرورت مندوں کی مدد کرنے کے لئے متحرک اور پیش پیش رہنے کی تاکید کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */