نئی نسل کے اساتذہ تیار کرنے کے لیے کیجریوال حکومت بنائے گی دہلی ٹیچرس یونیورسٹی

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ اس یونیورسٹی کے ذریعہ بہترین اعلی معیار کے اساتذہ تیار کئے جائیں، اس میں انٹیگریٹڈ کورس دیئے جائیں گے۔

اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں بہترین اعلی معیار کے اساتذہ تیار کرنے کے لیے ان کی حکومت ’دہلی ٹیچرس یونیورسٹی‘ قائم کرے گی۔ کیجریوال نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ کابینہ کی میٹنگ میں دہلی ٹیچرس یونیورسٹی قائم کرنے کی تجویز رکھی گئی جسے اتفاق رائے سے منظوری دے دی گئی۔ اس یونیورسٹی کا مقصد دہلی میں بہترین اعلی معیار کے اساتذہ تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا ایک قانون لایا جا رہا ہے اور اس قانون کو آج دہلی کی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔ آئندہ اسمبلی اجلاس میں دہلی ٹیچرس یونیورسٹی بل پیش کیا جائے گا۔

وزیر اعلی نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ اس یونیورسٹی کے ذریعہ بہترین اعلی معیار کے اساتذہ تیار کئے جائیں۔ اس میں انٹیگریٹڈ کورس دیئے جائیں گے۔ بارہویں کے بعد چار سالہ انٹیگریٹڈ ٹیچر ایجوکیشن پروگرام ہوگا۔ اس میں بی اے، بی ایڈ، بی ایس سی اور بی کام بی ایڈ پروگرام شامل ہوں گے۔ ایک طرح سے اس یونیورسٹی میں نیو جنریشن ٹیچرس تیار کیے جائیں گے۔ جب بچے اس یونیورسٹی میں پڑھ رہے ہوں گے، ان کو دہلی حکومت کے اسکولوں کے ساتھ اٹیچ کیا جائے گا۔ اس طرح ان کو ٹریننگ کے ساتھ ساتھ ملازمت بھی ملتی رہے گی۔ چار سال کی ٹریننگ مدت میں وہ سرکاری اسکول کے ساتھ بھی اٹیچ رہیں گے۔ اس دوران وہ تھوریٹیکل ٹریننگ بھی لے سکیں گے اور ان کو پریکٹیکل ٹریننگ بھی بہت اچھے طریقہ سے ملتی رہے گی۔


انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں 23-2022 کے تعلیمی سال میں داخلہ کا عمل شروع کیا جائے گا۔ ٹیچر تیار کرنے کے لیے یہ ایک طرح سے سنٹر فار ایکسیلنس ہوں گے۔ اس میں ہم اساتذہ کو ٹریننگ کے لیے نیشنل اور انٹرنیشنل سطح کا تعاون لیں گے۔ پوری دنیا کے سب سے اچھے انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ ہم شراکت داری کریں گے۔ اس میں بیسٹ ٹیچر ٹیکنکس پر ریسرچ ہوگی۔ میں امید کرتا ہوں کہ دہلی میں اچھے ٹیچر تیار کرنے کی سمت میں یہ بہت ہی انقلابی قدم ثابت ہوگا۔

دہلی حکومت نے تجویز پیش کی ہے کہ دہلی ٹیچرس یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پروفیسر عالمی سطح کے معروف اسکالرز مقرر کئے جائیں گے۔ دہلی ٹیچرس یونیورسٹی کو بکروالا گاؤں کے نزدیک قائم کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ یہ یونیورسٹی اسکول سطح پر تعلیمی مطالعہ، قیادت اور پالیسی کے شعبوں میں سابقہ خدمت اور سروس کے دونوں مراحل میں اساتذہ تیار کرنے کے مرکز کے طور پر تیار کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔