آئی بی کی رپورٹ میں ظاہر کیا گیا تھا مکیش امبانی پر خطرہ کا اندیشہ، مودی حکومت نے دی زیڈ پلس سیکورٹی

سی آر پی ایف کے علاوہ مکیش امبانی کے پاس تقریباً 20-15 پرسنل سیکورٹی گارڈس بھی ہیں جو بغیر اسلحوں کے ہوتے ہیں، ان کے پرسنل گارڈس کو اسرائیل واقع سیکورٹی فرم نے ٹریننگ دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزارت برائے داخلہ نے صنعت کار مکیش امبانی کی سیکورٹی کو بڑھا کر زیڈ پلس کر دیا ہے۔ اس درجہ کے سیکورٹی پر 40 سے 45 لاکھ روپے ماہانہ خرچ آئے گا جس کی ادائیگی خود مکیش امبانی کریں گے۔ اس سے قبل انھیں زیڈ کیٹگری کی سیکورٹی ملی ہوئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی بی کی سفارش کے بعد وزارت داخلہ نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ دراصل آئی بی کی ایک رپورٹ میں مکیش امبانی پر خطرے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ مکیش امبانی کی سیکورٹی ایسے وقت میں بڑھائی گئی ہے جب گزشتہ سال ان کے گھر انٹیلیا کے باہر ایک مشتبہ کار ملی تھی، جس میں جلیٹن کی 20 چھڑیں پائی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ انھیں دھمکی بھرے کال بھی ملتے رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کئی دنوں سے مکیش امبانی کی سیکورٹی بڑھانے کو لے کر مرکزی حکومت غور کر رہی تھی۔


بہرحال، سی آر پی ایف کے تقریباً 58 کمانڈوز مکیش امبانی اور ان کی فیملی کی سیکورٹی میں 24 گھنٹے تعینات رہیں گے۔ یہ کمانڈو جرمنی میں بنی ہیکلر اینڈ کوچ ایم پی 5 سَب مشین گن سمیت کئی جدید اسلحوں سے لیس رہتے ہیں۔ اس بندوق سے ایک منٹ میں 800 راؤنڈ گولیاں داغی جا سکتی ہیں۔ زیڈ پلس سیکورٹی ہندوستان میں وی وی آئی پی کی سب سے اعلیٰ سطح کی سیکورٹی ہے۔ اس کے تحت 6 سنٹرل سیکورٹی لیول ہوتے ہیں۔ پہلے سے ہی امبانی کی سیکورٹی میں راؤنڈ دی کلاک ٹرینڈ 6 ڈرائیور ہوتے ہیں۔

سی آر پی ایف کے علاوہ مکیش امبانی کے پاس تقریباً 20-15 پرسنل سیکورٹی گارڈس بھی ہیں جو بغیر اسلحوں کے ہوتے ہیں۔ ان کے پرسنل گارڈس کو اسرائیل واقع سیکورٹی فرم نے ٹریننگ دی ہے۔ امبانی اور ان کے کنبہ کی سیکورٹی میں تعینات یہ پرائیویٹ سیکورٹی گارڈس بھی کراو مگا (اسرائیلی مارشل آرٹ) میں تربیت یافتہ ہیں۔ یہ گارڈس دو شفٹ میں کام کرتے ہیں، جن میں ہندوستانی فوج کے ریٹائرڈ اور این ایس جی کے جوان بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔