پسنجر ٹرین کا انجن اور ایک ڈبہ پٹری سے اترا، ڈرائیور کی ہوشیاری سے حادثہ ٹلا

دنتے واڑہ کے ایس پی ڈاکٹر ابھیشیک پلوا نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد تھانے سے موقع پر پولیس فورس بھیج دی گئی اور عملہ کے ممبروں سمیت تمام 35 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

دنتے واڑہ: چھتیس گڑھ کے ضلع دنتے واڑہ میں نیرلی اور بچیلی کے درمیان جنگل میں نکسلیوں نے تقریباً 40 فٹ اونچے پل پر ریل کی پٹری کو نقصان پہنچا دیا، جس کی وجہ سے وشاکھا پٹنم سے کرندول جانے والی پسنجر ٹرین کا انجن اور ایک ڈٹبہ پٹری سے اتر گیا۔

ریلوے ذرائع نے آج بتایا کہ وشاکھاپٹنم سے کرندول کے درمیان چلنے والی ایک مسافر ٹرین کل شام کو جگدال پور سے کرندول کے لئے روانہ ہوئی۔ جب ٹرین شام ساڑھے سات بجے نیرلی اور بچیلی کے درمیان جنگل میں پہنچی تو ٹرین کے ڈرائیور کو لگا کہ ٹریک میں کچھ گڑبڑ ہے اور اس نے بریک لگا کر ٹرین کو روکنے کی کوشش کی۔ پھر بھی ٹرین کا انجن اور ایک ڈبہ پٹری سے اتر گیا۔ تاہم، ٹرین پل سے 40 فٹ نیچے کھائی میں نہیں پلٹی اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ حادثےکے وقت ٹرین میں 35 مسافر اور عملہ کے 4 ارکان سوار تھے۔ اس کے بعد تمام ڈبوں نزدیکی اسٹیشن سے دوسرے انجن کے ذریعہ رات کے وقت ہی کھینچ لیا گیا۔


دنتے واڑہ کے ایس پی ڈاکٹر ابھیشیک پلوا نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد تھانے سے موقع پر پولیس فورس بھیج دی گئی اور عملہ کے ممبروں سمیت تمام 35 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ نکسلیوں نے پل کے اوپر دونوں طرف اور پل کے آخری حصے میں پٹریوں کو کاٹ دیا تھا۔ ان کا مقصد ٹرین کو پٹری سے اتارنا اور ایک بڑے حادثے کو انجام دینا تھا، لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکے۔ پٹریوں کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔