وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جوڑی یا تو الجھن کی شکار ہے، یا انتہائی خطرناک سازش تیار کی جا رہی ہے: کانگریس

جئے رام رمیش نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں برسراقتدار طبقہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سوال کیا ہے کہ اگر وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جوڑی اب بھی ساتھ ہے، تو آخر یہ جوڑی کون سا کھیل کھیل رہی ہے؟

<div class="paragraphs"><p>پی ایم مودی اور امت شاہ، گرافکس ’ایکس‘ @INCIndia</p></div>
i

پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس ابھی تک باضابطہ طور پر ختم کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، اور نہ ہی وہ تاریخ سامنے آئی ہے جب سرمائی اجلاس شروع ہوگا۔ اس معاملہ میں کانگریس نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ آخر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے دماغ میں چل کیا رہا ہے؟ کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے آج صبح ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ میں مودی حکومت پر تجسس والی حالت پیدا کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں کہیں کوئی گہری سازش تو دیکھنے کو نہیں ملے گی!

جئے رام رمیش نے اپنی پوسٹ میں برسراقتدار طبقہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے سوال کیا ہے کہ اگر وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جوڑی اب بھی ساتھ ہے، تو آخر یہ جوڑی کون سا کھیل کھیل رہی ہے؟ یہ سوال کانگریس لیڈر نے پارلیمنٹ کے سرمائی اور مانسون اجلاس کی بے یقینی کو دیکھتے ہوئے اٹھایا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’اگر سرمائی اجلاس ہونا ہے، تو اب تک ملک کو معلوم ہو جانا چاہیے تھا کہ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس کب ہوگا۔ اب تک ملک کو یہ بھی معلوم ہو جانا چاہیے تھا کہ مانسون اجلاس، جسے ابھی تک باضابطہ طور پر ختم کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، دوبارہ کب شروع ہوگا۔‘‘


کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کچھ اہم فکر بھی ظاہر کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’اب جبکہ ملک وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جوڑی کے ذریعہ لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے لیے داغدار اراکین کو جوڑنے کی بے تاب کوششوں کو دیکھ چکا ہے، تو اسے یہ جاننے کا حق ہے کہ حد بندی کے لیے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا فارمولہ کیا ہے، اگر واقعی کوئی ایسا فارمولہ موجود ہے۔‘‘ وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’مسلسل برقرار رہنے والا یہ تجسس اور سسپنس واضح طور پر 2 باتوں کی طرف اشارہ کرتا ہے: (i) یہ جوڑی الجھن کا شکار ہے اور اپنے ہی دھوکہ اور دھمکی میں پھنس گئی ہے، یا (ii) کوئی انتہائی خطرناک سازش تیار کی جا رہی ہے۔‘‘

مذکورہ بالا اندیشے ظاہر کرنے کے بعد کانگریس لیڈر نے کہا کہ دونوں صورتوں میں، جی ٹی اے (گیانیش تھیفٹ ایرنجرس) کے دونوں ستارے بری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’افسوس کی بات ہے کہ پارلیمنٹ کا ادارہ، جو پہلے ہی بری طرح زخمی ہو چکا ہے، اس شیطانی جوڑی کی شرارتوں سے مزید شدید طور پر کمزور ہو رہا ہے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔