’سرکاری اسپتال میں چوہوں کے کاٹنے سے 2 نوزائیدہ کی موت حادثہ نہیں، قتل ہے‘، راہل گاندھی کا سنگین الزام

راہل گاندھی نے کہا کہ اندور واقع مدھیہ پردیش کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں جو واقعہ پیش آیا ہے، اس کے بعد پی ایم مودی اور ریاست کے وزیر اعلیٰ کو شرم سے اپنا سر جھکا لینا چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی (فائل)، تصویر @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اندور: مدھیہ پردیش کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں گزشتہ دنوں پیش آیا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ، جس میں چوہوں کے کاٹنے سے دو نوزائیدہ بچوں کی موت ہو گئی، نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس واقعہ کو ’حادثہ نہیں، بلکہ قتل‘ قرار دیا ہے۔ اس کا قتل کا ذمہ دار انھوں نے مرکز کی نریندر مودی اور ریاست کی موہن یادو حکومتوں کو ٹھہرایا ہے۔

راہل گاندھی نے اس واقعہ سے متعلق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کی ہے، جس میں سخت لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اندور میں مدھیہ پردیش کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں 2 نوزائیدہ بچوں کی چوہوں کے کاٹے سے ہوئی موت کوئی حادثہ نہیں، سیدھے سیدھے قتل ہے۔ یہ واقعہ اتنا خوفناک، غیر انسانی اور بے حسی پر مبنی ہے کہ اسے سن کر بھی روح کانپ جائے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ایک ماں کی گود سے اُس کا بچہ صرف اس لیے دور ہو گیا کیونکہ حکومت نے اپنی سب سے بنیادی ذمہ داری نہیں نبھائی۔‘‘


راہل گاندھی اپنے بیان میں الزام عائد کرتے ہیں کہ موجودہ حکومت نے صحت کے شعبہ کو قصداً پرائیویٹ ہاتھوں میں سونپ دیا، جہاں علاج اب صرف امیروں کے لیے دستیاب ہے۔ غریبوں کے لیے سرکاری اسپتال زندگی بچانے والے ادارے نہیں رہے بلکہ موت کے اڈے بن چکے ہیں۔ کانگریس لیڈر اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’انتظامیہ ہر بار کی طرح کہتی ہے ’جانچ ہوگی‘، لیکن سوال یہ ہے کہ جب آپ نوزائیدہ بچوں کی حفاظت تک نہیں کر سکتے، تو حکومت چلانے کا کیا حق ہے؟‘‘

راہل گاندھی نے براہ راست وزیر اعظم نریندر مودی اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’پی ایم مودی اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کو شرم سے سر جھکا لینا چاہیے۔ آپ کی حکومت نے ملک کے کروڑوں غریبوں سے صحت کا حق چھین لیا ہے، اور اب ماں کی گود سے اُس کا بچہ بھی چھینا جانے لگا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مودی جی، یہ آواز ان لاکھوں ماں باپ کی طرف سے اٹھ رہی ہے جو آج سرکاری لاپروائی کا شکار ہو رہے ہیں۔ کیا جواب دیں گے؟‘‘ آخر میں راہل گاندھی عزم ظاہر کرتے ہیں کہ ’’ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ یہ جنگ ہر غریب، ہر کنبہ، ہر بچہ کے حق کی ہے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش کے شہر اندور واقع ریاست کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں یہ المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسپتال کے نوزائیدہ وارڈ میں چوہے داخل ہو گئے اور 2 کم سن بچوں کو کاٹ لیا۔ اس سے ان بچوں کی موت واقع ہو گئی۔ واقعہ کے بعد اسپتال انتظامیہ اور ریاستی محکمۂ صحت کی شدید لاپروائی سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپتال میں حفظان صحت کی حالت نہایت خراب تھی اور چوہوں کی موجودگی سے متعلق شکایات پہلے ہی دی جا چکی تھیں، لیکن کوئی پیش رفت دیکھنے کو نہیں ملی۔ اب جبکہ 2 جانیں ضائع ہو گئی ہیں تو عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں بھی لگاتار حکومت کو ہدف تنقید بنا رہی ہیں اور سخت تحقیقات کرانے کے ساتھ ساتھ قصورواروں کے خلاف فوری کارروائی کا بھی مطالبہ کر رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔