ملک میں ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعہ ہو رہی حکومت، آئین کی اڑ رہی دھجیاں: اشوک گہلوت

سیکر سے سی پی ایم امیدوار امرا رام کے نامزدگی پرچہ داخل کرنے کے موقع پر منعقد جلسۂ عام کو خطاب کرتے ہوئے گہلوت نے کہا کہ ’’ملک میں ای ڈی، انکم ٹیکس محکمہ، سی بی آئی کے ذریعہ حکومت ہو رہی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>عوام سے خطاب کرتے ہوئے اشوک گہلوت، تصویر @<em>ashokgehlot51</em></p></div>

عوام سے خطاب کرتے ہوئے اشوک گہلوت، تصویر @ashokgehlot51

user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بی جے پی حکمراں مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ ملک میں ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس محکمہ کے ذریعہ سے حکومت ہو رہی ہے۔

سیکر سے سی پی ایم امیدوار امرارام کے نامزدگی پرچہ داخل کرنے کے موقع پر منعقد جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے اشوک گہلوت نے یہ بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ملک میں ای ڈی، انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ، سی بی آئی کے ذریعہ حکومت چل رہی ہے۔ ملک کے حالات انتہائی سنگین ہیں۔ جمہوریت خطرے میں ہے، بابا صاحب امبیڈکر کے ذریعہ تیار کردہ آئین کی یہ لوگ دھجیاں اڑا رہے ہیں... فکر انگیز حالت ہے، سمجھنے والے سمجھ رہے ہیں اور اگر آپ نہیں سمجھیں گے تو آنے والے وقت میں پچھتاوا سبھی کو ہوگا۔‘‘


راجستھان کی سابقہ کانگریس حکومت کے مختلف عوامی فلاحی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے گہلوت نے کہا کہ ’’سب کچھ کیا، اس کے بعد بھی اسمبلی انتخاب میں بی جے پی لیڈران کے ذریعہ غلط فہمی پھیلائی گئی، جھوٹے الزامات لگائے گئے، اس کی وجہ سے ہماری حکومت نہیں بن پائی۔‘‘ الیکٹورل بانڈ سے متعلق انھوں نے کہا کہ ’’میں نے 2019 میں کہہ دیا تھا کہ یہ تنظیم پر مبنی بدعنوانی ہے... یہ آزادی کے بعد سب سے بڑی بدعنوانی ہے۔‘‘

اشوک گہلوت نے اس موقع پر جلد ہی کانگریس کا انتخابی منشور سامنے آنے کی بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ ’’جلد ہی کانگریس کا انتخابی منشور آنے والا ہے اور اس میں تفصیل سے لکھا ملے گا کہ کسانوں، نوجوانوں، دلتوں کے لیے کیا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’یہ انتخاب ملک کا ہے... یہ انتخاب ملک کے مستقبل کا ہے... یہ انتخاب جمہوریت کو زندہ رکھنے کا ہے۔‘‘


واضح رہے کہ کانگریس نے سیکر سیٹ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ میں شامل سی پی ایم کے لیے چھوڑ دی ہے۔ سی پی ایم امیدوار امرارام نے منگل کے روز یہاں سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کر دیا۔ امرارام کے ساتھ کانگریس کی ریاستی یونٹ کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا، سی پی ایم پولت بیورو رکن ورندا کرات، سیکر رکن اسمبلی راجندر پاریک موجود رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔