’انتخاب سے قبل فیتہ کاٹنے کی جلدبازی کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑ رہا‘، دہلی ایئرپورٹ حادثہ پر کانگریس کا تلخ تبصرہ
سپریا شرینیت نے دہلی ایئرپورٹ حادثہ کے بعد کئی ایسے پروجیکٹ کا نام شمار کرایا ہے جس کا افتتاح جلدبازی میں کر دیا گیا اور پھر بعد میں خامی ابھر کر سامنے آ گئی۔
دہلی میں آج زوردار بارش نے نظامِ زندگی کو درہم برہم کر کے رکھ دیا۔ اس بارش نے گرمی سے بھلے ہی راحت پہنچائی، لیکن جگہ جگہ آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا ہو گیا اور دہلی ایئرپورٹ پر تو چھت منہدم ہونے کا ایک دردناک حادثہ بھی پیش آیا جس میں ہلاکتیں بھی ہوئیں اور لوگ زخمی بھی ہوئے۔ اس معاملے میں اپوزیشن پارٹیاں لگاتار مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ کانگریس نے اس حادثہ پر متاثرین کے تئیں ہمدردی ظاہر کی ہے اور اسے ایک خود غرض حکمرانی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے اس حادثہ کے بعد مودی حکومت پر تلخ تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ اس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’انتخاب سے پہلے فیتہ کاٹنے کی جلدبازی کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ایسی بھی کیا جلدی تھی مودی جی؟‘‘ دراصل انھوں نے پی ایم مودی کے ذریعہ کئی پروجیکٹس کے افتتاح میں جلدبازی کی طرف اشارہ کیا ہے اور بتایا ہے کہ ان کی جلد بازی کے سبب بعد میں پرجیکٹس کی خامیاں ابھر کر سامنے آئیں۔
سپریا شرینیت نے ایسے کئی پروجیکٹس کا نام شمار کرایا ہے جس کا افتتاح جلدبازی میں کر دیا گیا اور پھر بعد میں خامی ابھر کر سامنے آ گئی۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں بتایا ہے کہ ’اٹل سیتو‘ کا افتتاح مودجی نے 12 جنوری 2024 میں کیا تھا۔ 18 ہزار کروڑ کی لاگت سے بنے اس پُل میں شگاف دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جبل پور ایئرپورٹ کا افتتاح بھی مودی جی نے 10 مارچ 2024 میں کیا تھا۔ 450 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار اس ایئرپورٹ میں کینوپی کا حصہ ٹوٹ گیا۔ اسی طرح ایودھیا میں شری رام مندر کا افتتاح پی ایم مودی نے 22 جنوری 2024 کو کیا اور اس میں 1800 کروڑ روپے کی لاگت دیکھنے کو ملی، لیکن اب ادھورے مندر میں شکھر نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی اندر ٹپک رہا ہے۔ بارش میں پانی نکلنے کا کوئی راستہ نہ ہونے سے مندر اور اس کے احاطے میں پانی جمع ہے۔
سپریا شرینیت دہلی ٹرمینل-1 ایئرپورٹ کے افتتاح کا ذکر بھی اپنے پوسٹ میں کرتی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پی ایم مودی نے 10 مارچ 2024 کو اس کا افتتاح کیا تھا اور اس کے بنانے میں 4600 کروڑ روپے کی لاگت آئی تھی۔ یہاں 28 جون کو چھت ٹوٹ کر گر گئی جس میں ایک شخص کی موت واقع ہو گئی اور 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی اس حادثہ کو لے کر مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 10 مارچ کو جب مودی نے دہلی ایئرپورٹ ٹی 1 کا افتتاح کیا تو انہوں نے خود کو دوسری مٹی سے بنایا ہوا آدمی کہا۔ یہ تمام جھوٹی تعریفیں اور بیانات صرف انتخابات سے پہلے فیتہ کاٹنے کی رسم کو مکمل کرنے کے لیے تھے۔ دہلی ایئرپورٹ سانحے کے متاثرین کے ساتھ ہماری دلی تعزیت ہے۔ متاثرین نے ایک بدعنوان، نا اہل اور خود غرض حکومت کا خمیازہ بھگتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔