بی ایم سی کا وہ وارڈ جہاں کانگریس کی فتح نے بٹوری سرخیاں، بی جے پی امیدوار کو 7 ووٹوں سے شکست
وارڈ نمبر 90 (ایچ/ایسٹ)، سانتا کروز برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے 227 وارڈوں میں سے ایک ہے۔ یہ وارڈ جنرل کیٹیگری کے لیے ریزرو ہے۔ یہاں کی مجموعی آبادی 56,468 افراد پر مشتمل ہے۔

ایشیا کی سب سے امیر میونسپل کارپوریشن کہے جانے والے ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) انتخابات کے دوران کچھ وارڈوں میں حیران کن نتائج سامنے آئے ہیں۔ سانتا کروز کے وارڈ نمبر 90 میں جیت اور ہار کے درمیان فرق صرف 7 ووٹوں کا رہا۔ یہاں کانگریس امیدوار نے بازی مارلی اور بی جے پی کو بڑی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
بی ایم سی انتخابات میں یہ قریب ترین مقابلہ مانا جا رہا ہے۔ وارڈ نمبر 90 (ایچ/ایسٹ)، سانتا کروز میں کانگریس امیدوار ایڈوکیٹ ٹیولپ برائن مرانڈا نے بی جے پی امیدوار جیوتی انل اپادھیائے کو صرف 7 ووٹوں سے شکست دی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کانگریس امیدوار ٹیولپ مرانڈا کو 5,197 ووٹ ملے جب کہ بی جے پی کی جیوتی اپادھیائے کو 5,190 ووٹ حاصل ہوئے۔ اس بے حد معمولی فرق نے مذکورہ وارڈ کو پورے بی ایم سی الیکشن میں سب سے زیادہ زیر بحث مقابلہ بنا دیا۔ وارڈ نمبر 90 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے 227 وارڈوں میں سے ایک ہے۔ یہ وارڈ جنرل کیٹیگری کے لیے ریزرو ہے۔ یہاں کی مجموعی آبادی 56,468 افراد پر مشتمل ہے۔ یہ وارڈ بی ایم سی انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے لیے ہمیشہ سے ہی اہم رہا ہے۔
ٹیولپ برائن مرانڈا 2017 کے بی ایم سی انتخابات میں بھی وارڈ 90 سے فاتح تھے۔ انہوں نے 5,952 ووٹ حاصل کیے تھے اور 1,579 ووٹوں کے فرق سے جیتے تھے۔ 2017 میں اس وارڈ میں سماج وادی پارٹی کے بینیڈکٹ ڈینس کنی 4,373 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ اس الیکشن میں ’نوٹا‘ کو بھی 430 ووٹ ملے تھے۔ 2026 میں جیت کا مارجن صرف 7 ووٹوں تک محدود ہو گیا ہے۔ اس بار بی ایم سی انتخابات میں طاقت کا توازن پوری طرح سے بی جے پی-ایکناتھ شندے دھڑے کی شیوسینا کے حق میں دیکھا گیا۔ بی جے پی اور شندے دھڑے کی شیوسینا نے 118 سیٹوں پر جیت حاصل کی۔ بی جے پی کو 89 سیٹیں حاصل ہوئیں جبکہ شنڈے گروپ نے 29 سیٹیں جیتیں۔ اکثریت کی تعداد 114 ہے۔
اس دوران شیو سینا (یو بی ٹی) نے 65 سیٹیں جیتی ہیں، ایم این ایس نے 6 اور این سی پی (شرد پوار) نے 1 سیٹ پر کامیابی حاصل کی، وہیں کانگریس نے 24 سیٹیں جیتی ہیں اور اے آئی ایم آئی ایم نے 8 سیٹیں جیتی ہیں۔ اجیت پوار کی این سی پی نے 3، سماج وادی پارٹی نے 2 اور آزاد امیدواروں نے 2 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ بی ایم سی کے انتخابات 9 سال بعد ہوئے تھے اور اس سے پہلے مارچ 2022 سے بی ایم سی کا کام کاج ایڈ منسٹریٹوں کے بھروسے چل رہا تھا۔ بی ایم سی کو ایشیا کی امیر ترین میونسپلٹیوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ اس کا سالانہ بجٹ 74,400 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ 2017 کے بعد پہلی بار منتخب ہوئی حکومت سامنے آئی ہے۔
اس وارڈ سے 9 امیدوار میدان میں تھے
انصاری مسعود عبدالقاسم - شیو سینا (ایس ایس یوبی ٹی)
سریش کیشو آچاریہ - عام آدمی پارٹی (اے اے پی)
جیوتی انیل اپادھیائے- بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)
ایڈووکیٹ ٹیولپ برائن مرانڈا – کانگریس (آئی این سی)
ثنا عباس قریشی- سماج وادی پارٹی (ایس پی)
گنیش جنپا اناریڈی - آزاد
جارج ابراہم - آزاد
سبھاش مہادیو ساونت - آزاد
سنگھ وپن کمار- آزاد
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔