پرندے اور انسان کے درمیان عجب پریم کی غضب کہانی! زخم پر مرہم نے بگلے کو بنا دیا عارف کا دوست

امیٹھی کے 30 سالہ نوجوان عارف کی دوستی بگلے سے اس وقت شروع ہوئی تھی جب بگلا ایک جگہ زخمی پڑا ہوا تھا اور عارف نے اس کی مرہم پٹی کی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر: آس محمد کیف</p></div>

تصویر: آس محمد کیف

user

آس محمد کیف

امیٹھی کے نوجوان عارف اور ایک پرندہ کے درمیان دوستی ان دنوں خوب مشہور ہو رہی ہے۔ یہ پرندہ ایک بگلا ہے جو ہمیشہ عارف کے ساتھ رہتا ہے۔ حتیٰ کہ عارف اگر موٹر سائیکل سے کہیں جاتا ہے تو بگلا بھی اس کے اوپر اوپر اڑتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ وہ عارف کے ساتھ ہی اس کے بستر پر سوتا ہے اور کھانا بھی ساتھ ہی کھاتا ہے۔ ایک پرندہ اور انسان کے درمیان یہ 'عجب پریم کی غضب کہانی' ہے جسے دیکھ اور سن کر سبھی حیران ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عارف کوئی پرندہ ٹرینر نہیں ہے، بلکہ بگلے سے اس کی قربت کا سبب ایک حادثہ ہے۔

عارف اور بگلے کی دوستی کے بارے میں امیٹھی کے باشندہ انعام علی بہت قریب سے جانتے ہیں۔ انھوں نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 30 سالہ عارف کی دوستی بگلے سے اس وقت شروع ہوئی تھی جب بگلا کسی جگہ زخمی پڑا ہوا تھا اور عارف نے اس کی مرہم پٹی کی تھی۔ وہ دن تھا، اور آج کا دن ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے بغیر نظر نہیں آتے۔ عارف اور بگلے کی دوستی لوگوں کے لیے مثال بن گئی ہے، اور یہ سوچ بھی غلط ثابت ہو گئی ہے کہ پرندہ اور انسان کے درمیان دوستی نہیں ہو سکتی۔

<div class="paragraphs"><p>عارف اپنے دوست بگلے کے ساتھ</p></div>

عارف اپنے دوست بگلے کے ساتھ

تصویر: آس محمد کیف


امیٹھی کے گوری گنج تحصیل کے منڈکا گاؤں باشندہ عارف زراعت کے شعبہ سے جڑے ہوئے ہیں۔ کھیت عارف کے گھر کے قریب میں ہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اگست 2022 میں عارف کھیت پر کام کرنے جا رہے تھے جب ان کو کھیت کے پاس ایک بگلا زخمی حالت میں ملا تھا۔ عارف نے قریب جا کر دیکھا تو بگلے کا پیر ٹوٹا ہوا تھا اور خون نکل رہا تھا۔ عارف اس بارے میں خود بتاتے ہیں کہ جب وہ بگلے کے قریب گئے تو ایسا لگا کہ بگلا امید بھری نگاہوں سے دیکھ رہا ہے۔ پھر مجھے اس پر رحم آ گیا اور اپنے ساتھ گھر لے آیا۔ گھر پر اس کی مرہم پٹی کی گئی اور پھر اس کو کھیت میں ہی کنارے پر لٹا دیا۔ کچھ دیر بعد اس کو کھانے کے لیے روٹی دی اور پھر اس کو گھر لا کر بستر پر سلا دیا۔ عارف یہ بھی بتاتے ہیں کہ ڈیڑھ ماہ کی مرہم پٹی اور دوائی سے اس کا زخم دھیرے دھیرے ٹھیک ہونے لگا اور وہ دھیرے دھیرے چلنے بھی لگا۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ "میں سوچ رہا تھا کہ ٹھیک ہونے کے بعد بگلا اڑ جائے گا، لیکن وہ گھر پر ہی رہا۔ آج نصف سال بعد بھی وہ میرے ساتھ گھر پر ہی رہتا ہے۔"

عارف کا کہنا ہے کہ بگلے کے ساتھ اب گھر کے سبھی لوگ گھل مل گئے ہیں۔ وہ فیملی کے ایک رکن کی طرح رہنے لگا ہے۔ عارف یہ بھی کہتے ہیں کہ ان کا چار سال کا بیٹا عرش اور چھ سال کی بیٹی اریبا بگلے کو اپنا دوست مانتے ہیں۔ سبھی لوگ بگلے کی کھانے پینے کا خیال رکھتے ہیں۔ اسے دال چاول اور دال روٹی کھانا بہت پسند ہے۔

پرندے اور انسان کے درمیان عجب پریم کی غضب کہانی! زخم پر مرہم نے بگلے کو بنا دیا عارف کا دوست

دلچسپ بات یہ ہے کہ کبھی کبھی دو یا چار بگلے ایک ساتھ عارف کے گھر میں نظر آ جاتے ہیں۔ دراصل وہ عارف کے گھر میں رہنے والے بگلے سے ملنے کے لیے آتے ہیں۔ وقتاً فوقتاً عارف کا دوست بگلا اڑتا ہوا کچھ دور بھی نکل جاتا ہے لیکن شام ہونے سے پہلے ہی گھر واپس آ جاتا ہے۔ یہ دیکھنا بھی حیرت انگیز ہے کہ جب کبھی عارف کو کوئی ڈانٹتا ہے تو بگلا چیخنا شروع کر دیتا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بگلے کو عارف سے کس قدر لگاؤ ہے۔

عارف کے گاؤں میں ہی رہنے والے سرویش بتاتے ہیں کہ عارف کو کئی بار جب دور جانا ہوتا ہے تو بگلے سے چھپ کر خاموشی سے نکلنا پڑتا ہے۔ اگر عارف چھپ کر نہ نکلے تو بگلا بھی ساتھ لگ جاتا ہے۔ دونوں کی دوستی جئے اور ویرو کی طرح ہے۔ گاؤں کے ہی دین دیال نامی شخص بھی عارف اور بگلے کی دوستی کی تعریف کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ پورا گاؤں ان کی دوستی کی مثال دیا کرتا ہے۔

پرندے اور انسان کے درمیان عجب پریم کی غضب کہانی! زخم پر مرہم نے بگلے کو بنا دیا عارف کا دوست

عارف کے والد کا کہنا ہے کہ آج ایسا ماحول پیدا ہو گیا ہے کہ بگلے کے بغیر عارف کا دل نہیں لگتا۔ عارف کے کئی دوست ہیں، لیکن بگلے سے اس کی دوستی سب سے الگ ہے۔ ویسے عارف کو مویشی پروری کا بھی شوق ہے۔ عارف کی ایک گئوشالہ ہے جس میں تقریباً 40 گائیں ہوں گی۔ اس کے علاوہ عارف بکریوں کی بھی پرورش کرتے ہیں۔ عارف اپنے مویشیوں سے بہت محبت کرتے ہیں اور اپنائیت کے ساتھ دیکھ بھال کرتے ہیں۔ لیکن بگلے کے ساتھ جس طرح کی محبت اور لگاؤ کا جذبہ عارف میں دیکھنے کو مل رہا ہے، وہ بلاشبہ مثالی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔