جھارکھنڈ: جمشید پور واقع قدما بازار میں شدید آتشزدگی، 20 دکانیں جل کر خاک، لاکھوں روپے مالیت کا نقصان

قدما مچھلی بازار کے ٹھیک سامنے والی لائن میں یہ آگ لگی ہے جس کی لپٹیں دور سے دکھائی دے رہی ہیں، صبح تقریباً 7 بجے یہ حادثہ پیش آیا جس کے فوراً بعد فائر بریگیڈ کی اطلاع دی گئی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

جھارکھنڈ کے جمشید پور واقع قدما بازار میں آج صبح اچانک آگ لگ گئی جس سے لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہونے کا اندازہ کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے تقریباً 20 دکانیں جل کر خاک ہو گئی ہیں۔ قدما بازار میں جس مقام پر آگ لگی ہے وہاں پر کئی دکانداروں کے گودام ہیں اور آگ ایک دکان سے دوسری دکان میں بہت تیزی کے ساتھ پھیلتی دکھائی دی۔ بتایا جاتا ہے کہ چپل، جوتا اور کرانہ کی کچھ دکانوں کے ساتھ ساتھ ایک وکیل کا دفتر، ریڈیمیڈ گارمنٹس جیسی کچھ دکانیں، گودام اور دفتر جل کر خاک ہو گئے ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق آگ پر قابو پانے کی کوششیں لگاتار جاری ہیں لیکن ہنوز آگ پر پوری طرح قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آگ ایک دکان سے دوسری دکان کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کو روکنے کے لیے فائر بریگیڈ دستہ کو لگایا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم پوری محنت کے ساتھ اس پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ قدما مچھلی بازار کے ٹھیک سامنے والی لائن میں یہ آگ لگی ہے جس کی لپٹیں دور سے دکھائی دے رہی ہیں۔ صبح تقریباً 7 بجے یہ حادثہ پیش آیا جس کے فوراً بعد فائر بریگیڈ کی اطلاع دی گئی۔ آگ کی لپٹوں سے پورے علاقے میں تپش بڑھ گئی ہے اور لوگ پریشان ہیں۔ آتش زدگی کی زد میں آئی ایک دکان کے مالک رویندر سنگھ بھاٹیا نے کہا کہ فون پر دکان میں آگ لگنے کی خبر ملی، اور آ کر جیسے ہی دکان کھولی تو محسوس ہوا کہ جیسے میں خود جل جاؤں گا۔ میری ہوزری اور کپڑے کی دکان تھی، مجھے پانچ سے چھ لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ میں پوری طرح برباد ہو گیا ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔