تیجسوی یادو پر قتل کے الزام کو شیوانند تیواری نے بتایا 'سیاسی سازش'، سی بی آئی جانچ کا مطالبہ

شیوانند تیواری نے کہا کہ ان کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ جب تک سی بی آئی جانچ پوری نہیں ہوجاتی ہے تب تک وزیراعلی اپنے اور اپنی ساتھی پارٹیوں کے رہنماؤں کو بے تکے بیان دینے پر روک لگائیں۔

شیو آنند تیواری، تصویر یو این آئی
شیو آنند تیواری، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار کے سابق وزیر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر رہنما شیوانند تیواری نے پورنیا میں دلت آر جے ڈی لیڈر کے قتل معاملے میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو اور ان کے بڑے بھائی تیج پرتاپ یادو کے خلاف درج مقدمے کو سیاسی سازش بتاتے ہوئے معاملے کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شیو آنند تیواری نے پیر کو یہاں کہا کہ پورنیا ضلع کے والمیکی سماج کے ایک لیڈر کے ہوئے قتل کی آرجے ڈی شدید مذمت کرتی ہے۔ اس معاملے میں مقتول کے کنبے کے لوگوں نے اپوزیشن کے لیڈر اور ان کے برے بھائی پر قتل کا الزام لگاتے ہوئے جو ایف آئی آر درج کرائی ہے وہ پوری طرح سے غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی الیکشن ہونے کی وجہ سے شدید سیاسی سازش کے تحت اپوزیشن لیڈر اور ان کے بڑے بھائی کو نامزد ملزم بنایا گیا ہے۔

آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ وزیراعلی نتیش کمار کی پارٹی جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے چیف ترجمان سنجے سنگھ نے اس معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ سنجے سنگھ کے اس بیان کو وزیراعلی کی پارٹی کا سرکاری بیان مان رہے ہیں اور جے ڈی یو کے اس مطالبے کی حمایت بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی کا بھی وزیر اعلی سے مطالبہ ہے کہ حکومت فوراً اس معاملے کی سی بی آئی سے جانچ کرانے کی سفارش کرے۔


شیو آنند تیواری نے کہا کہ ان کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ جب تک سی بی آئی جانچ پوری نہیں ہوجاتی ہے تب تک وزیراعلی اپنے اور اپنی ساتھی پارٹیوں کے رہنماؤں کو بے تکے بیان دینے پر روک لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پالیسی اور اخلاقیات کی برابر دہائی دینے والے وزیراعلی ان کی باتوں کو سنجیدگی سے لیں گے۔

واضح رہے کہ آر جے ڈی درج فہرست ذات و قبائل سیل کے سابق ریاستی سکریٹری شکتی ملک کا اتوار کو ان کے گھر پر تین نقاب پوش حملہ آوروں نے گولی مارکر قتل کردیا تھا۔ ان کی بیوی خشبو نے کل ہی ضلع کے کیہاٹ تھانہ میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو، ان کے بڑے بھائی تیج پرتاپ یادو کےعلاوہ انل کمار سادھو،منوج پاسوان ،کالو پاسوان اور سنیتا دیوی اور تین نامعلوم شوٹروں کے خلاف قتل کا الزام لگاتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔


اس دوران شکتی ملک کا ریکارڈ کیا ہوا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے اپوزیشن لیدر تیجسوی یادو پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا الزام لگایا تھا۔ شکتی ملک نے کہا تھا کہ تیجسوی یادو اسمبلی کا ٹکٹ دینے کے بدلے میں 50 لاکھ روپے چندا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر جب اس نے سوچ کر جواب دینے کی بات کہی تو تیجسوی نے اسے ذات سے متعلق الفاظ کہتے ہوئے گھر سے بھگا دیا تھا۔

شکتی ملک نے ویڈیو میں الزام لگایا ہے، ’’تیجسوی یادو نے مجھے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قومی لیڈر جناب لالو یادو کے بیٹے ہیں اور بہار کے نائب وزیراعلی رہ چکے ہیں۔ اگر اب تم اپنے علاقے میں کام کرنے جاؤگے اور پانے سماج کے لوگوں کو متحد کروگے تو جان سے مروا دیا جائےگا۔‘‘ آر جے ڈی کے سابق لیڈر کی اہلیہ خشبو نے کہا کہ ان کے شوہر نے الیکشن لڑنے کے لئے ٹکٹ مانگا تو انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا۔ وہ اب آزاد امیداوار کے طور پر الیکشن لڑنے والے تھے لیکن آر جے ڈی کے لوگوں نے ان کا قتل کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔