’سری نگر کی جامع مسجد میں تراویح اور دیگر نمازیں فی الحال ادا نہیں کی جائیں گی‘

کشمیر کے مفتی اعظم ناصر الاسلام نے ایک شرعی فتویٰ جاری کیا ہے جس میں مسلمانوں سے رمضان المبارک کے دوران پنجگانہ نماز اور تراویح اپنے گھروں میں ہی ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: سری نگر کے پائین شہر کے نوہٹہ علاقے میں واقع 625 برس قدیم تاریخی جامع مسجد کا انتظام و انصرام چلانے والی انجمن اوقاف نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات کے پیش نظر اس عبادت گاہ میں نہ صرف نماز جمعہ بلکہ نماز تراویح بھی موقوف کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انجمن نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پنجگانہ نمازوں کے ساتھ ساتھ تراویح کی نماز بھی اپنے اپنے گھروں میں ہی پڑھیں اور اللہ رب العزت سے کورونا نامی سنگین وبا کے خاتمہ کے لئے دعائیں کریں۔


اس دوران کشمیر کے مفتی اعظم ناصر الاسلام نے ایک شرعی فتویٰ جاری کیا ہے جس میں مسلمانوں سے رمضان المبارک کے دوران پنجگانہ نماز اور تراویح اپنے گھروں میں ہی ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

ناصر الاسلام نے کہا: 'میں بھی چاہتا ہوں کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جائے۔ اس ضمن میں، میں نے ایک شرعی فتویٰ جاری کیا ہے جس میں مسلمانوں سے تلقین کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں کے اندر ہی پنجگانہ نمازوں اور تراویح ادا کریں۔ سماجی دوری کا خاص خیال رکھیں۔ اگر لوگ اس پر عمل کریں گے تو ہم بہت حد تک اس مہلک بیماری سے بچ سکتے ہیں۔ میری لوگوں سے یہ اپیل بھی ہے کہ وہ ضرورتمندوں کی مدد کے لئے آگے آئیں'۔


انجمن اوقاف جامع مسجد، جس کی سربراہی گھر میں ہی مسلسل نظر بند میرواعظ مولوی عمر فاروق کررہے ہیں، کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی وبا کے پیش نظر طبی ماہرین اور ڈاکٹروں کی ایڈوائزری کو مدنظر رکھ کر انجمن اوقاف جامع مسجد نے سردست جامع مسجد میں نہ صرف نماز جمعہ بلکہ نماز تراویح بھی موقوف کردی ہے۔


تاہم حالات سازگار ہوتے ہی جامع مسجد میں حسب سابق نمازوں کا اہتمام ہوگا۔ لہٰذا مسلمانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ پنجگانہ نمازوں کے ساتھ ساتھ تراویح کی نماز بھی اپنے اپنے گھروں میں ہی پڑھیں اور اللہ رب العزت سے اس سنگین وبا کے خاتمہ کے لئے دعائیں کریں۔ بیان میں انجمن اوقاف جامع مسجد نے ماہ رمضان المبارک کی آمد پر ملت اسلامیہ خصوصاً مسلمانان جموں وکشمیر کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔