آدی پورش ہندوتوا کے نام پر تماشا، وزیراعظم کو منی پور اور کشمیر جانا چاہیے: سنجے راؤت

ادھو گروپ شیو سینا کے رہنما سنجے راؤت نے کہا کہ 23 ​​جون کو پٹنہ میں اپوزیشن پارٹیاں جمع ہونے والی ہیں اور اجلاس میں تمام امور پر غور کیا جائے گا۔

سنجے راؤت، تصویر قومی آواز
سنجے راؤت، تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

شیوسینا ( ادھو ٹھاکرے) کے رہنما سنجے راؤت نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو منی پور اور کشمیر جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کو منی پور کے لوگوں کے ساتھ بات چیت کرنی چاہئے۔ سنجے راؤت نے فلم آدی پورش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں ہندوتوا کا تماشا بنایا گیا ہے۔ 

اپوزیشن کے کمزور ہونے کے سوال پر راجیہ سبھا ایم پی نے کہا کہ حزب اختلاف کے رہنماؤں کی 23 جون کو پٹنہ میں میٹنگ ہو رہی ہے۔ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع ہونے والی خبر کے مطابق اس میٹنگ میں ادھو ٹھاکرے جائیں گے اور شرد پوار بھی جانے والے ہیں۔ سنجے راؤت نے کہا کہ ملک بھر سے لوگ وہاں آئیں گے اور ہر ضروری بات پر تبادلہ خیال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ’ ہم سب ساتھ ہیں اور رہیں گے۔‘


منیشا کیاندے جو ایک دن پہلے ادھو تھاکرے کی پارٹی چھوڑ کر شندے کیمپ میں شامل ہوئی ہیں ان کو سنجے راؤت نے کچرا کہہ کر پکارا۔ راؤت نے کہا، کہ ’جانے دو، کیا فرق پڑتا ہے؟‘ انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ وہ کہاں سے آئی، کہاں گئی اور کون اسے پارٹی میں لے کر آیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ انہیں ایم ایل سی کا عہدہ کس نے دیا، میں ایسے لوگوں کو کچرا کہتا ہوں۔

منیشا کیاندے، مہاراشٹر قانون ساز کونسل کی رکن نے اتوار18 جون کو ادھو کا ساتھ چھوڑ کر شندے کی شیو سینا میں شامل ہو گئیں۔ کیاندے نے کہا تھا کہ انہوں نے پارٹی نہیں بدلی ہے، صرف قیادت بدلی ہے اور وہ اصل شیو سینا میں ہیں جو بالا صاحب نے قائم کی تھی۔ کیاندے نے ادھو ٹھاکرے گروپ پر خواتین سے پیسے لینے کا بھی الزام لگایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔