سپر اسٹار رجنی کانت کو ملے گا ’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘، ٹوئٹ کر کے خود دی جانکاری

رجنی کانت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں بہت خوش ہوں کہ میں نے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ جیتا۔ میں نے کبھی امید نہیں کی تھی کہ مجھے یہ ایوارڈ ملے گا۔‘‘

رجنی کانت، تصویر آئی اے این ایس
رجنی کانت، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

بالی ووڈ کی کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کر چکے اور ساؤتھ کے سپر اسٹار رجنی کانت نے 24 اکتوبر کو میڈیا سے بات چیت کے دوران دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ملنے کی خوشخبری سنائی۔ انھوں نے صحافیوں سے اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کبھی سوچا نہیں تھا کہ یہ ایوارڈ مجھے ملے گا۔ رجنی کانت نے ساتھ ہی کہا کہ ’’مجھے افسوس ہے میرے گرو کے بی (کے. بالاچندر) سر مجھے ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے دیکھنے کے لیے زندہ نہیں ہیں۔‘‘

دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کے لیے ان کا نام منتخب کیے جانے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے رجنی کانت نے کہا کہ ’’میں بہت خوش ہوں کہ میں نے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ جیتا۔ میں نے کبھی امید نہیں کی تھی کہ مجھے یہ ایوارڈ ملے گا۔‘‘ اس سلسلے میں رجنی کانت نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ بھی اپنے شیدائیوں کو جانکاری دی۔


میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق رجنی کانت کل دہلی میں منعقد ہونے جا رہے ایوارڈ فنکشن میں شامل ہوں گے اور ایوارڈ حاصل کریں گے۔ اپریل 2021 میں مرکزی زیر پرکاش جاوڈیکر نے اعلان کیا تھا کہ سپر اسٹار رجنی کانت کو گزشتہ چار دہائیوں سے ہندوستانی فلم میں ان کے تعاون کے لیے مشہور دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ حالانکہ کووڈ-19 وبا کے سبب ایوارڈ فنکشن میں تاخیر ہوئی۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں سب سے مقبول اداکاروں میں سے ایک رجنی کانت کو حکومت ہند کے ذریعہ 2000 میں پدم بھوشن اور 2016 میں پدم وبھوشن کا ایوارڈ دیا جا چکا ہے۔ رجنی کانت نے تمل سنیما میں ’اپورو راگنگل‘ سے اداکاری کا اپنا سفر شروع کیا۔ ان کی کئی کامیاب فلمیں ہیں جن میں ’باشا‘، ’شیواجی‘ اور ’انتھیرن‘ وغیرہ اہم نام ہیں۔ وہ اپنے شیدائیوں کے درمیان تھلائیور (لیڈر) کی شکل میں جانے جاتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔