’جس شرح سے آبادی بڑھ رہی، اس سے زیادہ تیزی سے طلبا خودکشی کر رہے‘، کانگریس کا مودی حکومت پر حملہ

ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ 10 سالوں میں طلبا کی خودکشی 50 فیصد بڑھی ہے اور طالبات کی خودکشی میں 61 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، اسی رپورٹ پر کانگریس نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

خودکشی، علامتی تصویر آئی اے این ایس
خودکشی، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

خودکشی سے متعلق ایک نئی رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں طلبا و طالبات کے درمیان خودکشی کا رجحان حیرت انگیز طور پر بہت بڑھ گیا ہے۔ اس رپورٹ کے منظر عام پر آتے ہی کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں طلبا و طالبات بہت ہی بری حالت میں ہیں۔ کیرئیر کی فکر سمیت وہ کئی سارے دباؤ کو برداشت کر رہے ہیں۔

دراصل کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں طلبا و طالبات کے درمیان خودکشی کے رجحان پر فکر کا اظہار کیا ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’ملک میں جس شرح سے آبادی بڑھ رہی ہے، اس سے زیادہ تیزی سے طلبا خودکشی کر رہے ہیں۔ لیکن مودی حکومت اس خطرناک حالت کو دیکھ کر بھی خاموش ہے۔‘‘ اس پوسٹ میں آگے یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’رپورٹ کے مطابق گزشتہ 10 سال میں طلبا کی خودکشی میں 50 فیصد کا اضافہ ہوا اور طالبات کی خودکشی میں 61 فیصد کا اضافہ ہوا۔ ملک میں طلبا/طالبات بہت ہی بری حالت میں ہیں۔ کیریئر کی فکر سمیت وہ کئی سارے دباؤ کو برداشت کر رہے ہیں۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں طلبا و طالبات کی خودکشی سے متعلق یہ رپورٹ ’آئی سی 3‘ کی سالانہ کانفرنس میں پیش کی گئی ہے۔ مرکزی حکومت کی ایجنسی نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے اعداد و شمار کی بنیاد پر اس رپورٹ کو تیار کیا گیا ہے۔ آئی سی 3 ایک نان پرافٹ ادارہ ہے جو دنیا بھر میں تعلیم پر کام کرتی ہے۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خودکشی کرنے والوں میں مرد اسٹوڈنٹس کی تعداد زیادہ ہے، حالانکہ گزشتہ دس سالوں میں مرد اسٹوڈنٹس کی خودکشی کے معاملے 50 فیصد بڑھے ہیں۔ دوسری طرف خاتون اسٹوڈنٹس میں خودکشی کے معاملے گزشتہ دس سالوں میں 61 فیصد بڑھے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں خودکشی کے معاملے ہر سال 2 فیصد کی شرح سے بڑھ رہے ہیں، جبکہ طلبا میں خودکشی کے معاملوں کی شرح سالانہ 4 فیصد بڑھی ہے۔ اس رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ طلبا کی خودکشی کے کئی معاملے درج بھی نہیں کیے جاتے، جو ظاہر کرتا ہے کہ یہ مسئلہ کتنا سنگین ہو رہا ہے۔


رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں 24 سال تک کے اشخاص کی آبادی 58.2 کروڑ سے گھٹ کر 58.1 کروڑ ہو گئی ہے، جبکہ اسی دوران طلبا کی خودکشی کے معاملے 6654 سے بڑھ کر 13044 ہو گئے ہیں۔ یہاں پر یونیسیف کی ایک رپورٹ کا تذکرہ بھی کرنا مناسب ہے جو بتاتی ہے کہ ہندوستان میں 15 سے 24 سال کا ہر 7 میں سے 1 شخص خراب ذہنی صحت سے نبرد آزما ہے۔ اس میں ڈپریشن کی علامت بھی شامل ہے۔ حیرانی والی بات یہ ہے کہ سروے میں شامل صرف 41 فیصد نے ہی ذہنی صحت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کاؤنسلر کے پاس جانا ٹھیک سمجھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔