دشمن کے خلاف پوری قوم متحد، وزیر اعظم مودی حقیقت بیان کریں: سونیا گاندھی

سونیا گاندھی نے اپنے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس مشکل گھڑی میں کانگریس ملک کی فوج، جوانوں اور ان کے کنبوں سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، امید ہے کہ ملک متحد ہو کر اس بحران کا سامنا کرے گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی نے لداخ میں شہید ہوئے 20 جوانوں کو خراج عقیت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں سونیا گاندھی نے کہا کہ 20 جوانوں کی شہادت نے ملک کی روح کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں تمام بہادر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔ ساتھ ہی دعا گو ہوں کہ ان کے اہل خانہ کو اس غم کو برداشت کرنے کی قوت فراہم ہو۔‘‘


سونیا گاندھی نے اپنے پیغام میں وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ منظر عام پر آئیں اور موجودہ صورت حال کے بارے میں حقائق کی بنیاد پر قوم کو اعتماد میں لیں۔ دریں اثنا انہوں نے حکومت سے یہ سوال بھی کیا کہ چین نے ہندوستان کے کتنے حصے پر قبضہ کیا ہے اور 20 بہادر جوان شہید کیوں ہو گئے؟ اس کے علاوہ سونیا گاندھی نے پوچھا کہ ملک کو بتایا جائے کہ آج صورت حال کیا ہے؟ کیا ہمارا کوئی فوجی افسر یا جوان اب بھی لاپتہ ہیں؟ ہمارے کتنے افسران اور فوجی شدید طور پر زخمی ہیں؟

ویڈیو پیغام میں سونیا گاندھی نے کہا، ’’ہم یقین دلاتے ہیں کہ بحران کی اس گھڑی میں کانگریس پارٹی ملک کی فوج، جوانوں اور ان کے کنبوں سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، امید ہے کہ ملک متحد ہو کر اس بحران کا سامنا کرے گا۔ واضح رہے کہ مشرقی لداخ میں ایل اے سی کے قریب وادی گلوان میں کئی دنوں سے دونوں ملکوں کے درمیان چل رہے تنازعہ کے درمیان پیر کی شب میں چینی فوج نے ہندوستانی جوان پر حملہ کیا، جس میں ہندوستانی فوج کے مطابق افسران سمیت 20 جوان شہید ہو گئے۔ چینی فوج کے ساتھ ہوئی اس پُر تشدد جھڑپ میں ہندوستانی فوج کے کئی افسران شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں اور ان کا علاج چل رہا ہے۔ جانی نقصان کی تعداد میں ابھی مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Jun 2020, 7:11 PM