کشمیر میں کورونا میں مبتلا ایک اور مریض از جان، اموات کی کل تعداد 64 ہوئی

شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان نے بتایا کہ بدھ کی علی الصبح قریب سوا چار بجے ان کی حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں سے تعلق رکھنے والے کورونا میں مبتلا ایک 65 سالہ مریض کی یہاں بدھ کی علی الصبح موت واقع ہونے کے ساتھ جموں و کشمیر میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 64 ہوگئی ہے۔ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ مذکورہ مریض کو 15 جون کو یہاں شدید بخار اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایات کے ساتھ لایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مریض کو وینٹی لیٹر پر نہیں رکھا گیا تھا کیونکہ ان کے فرزند نے اس کی اجازت نہیں دی تھی۔

موصوف ڈاکٹر نے بتایا کہ بدھ کی علی الصبح قریب سوا چار بجے ان کی حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔ ادھر اس شخص کی موت کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا میں مبتلا ہو کر مرنے والوں کی اب تک مجموعی تعداد 64 ہوگئی ہے جن میں سے 56 کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ 7 جموں کے رہنے والے ہیں۔


وادی کشمیر میں ضلع سری نگر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیادہ 15 اموات درج ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک 11 افراد کی اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت واقع ہوئی ہے۔ ضلع کولگام میں آٹھ، اننت ناگ اور شوپیاں چھ چھ، کپوارہ میں پانچ، بڈگام میں تین، پلوامہ میں دو اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر داعی اجل کو لبیک کہہ گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */