’بھارت جوڑو یاترا‘ میں بذاتِ خود شامل نہ ہونے پر سونیا گاندھی نے جاری کیا جذباتی پیغام

اپنے پیغام میں سونیا گاندھی نے کہا کہ ’’اپنی بات کہوں تو میں روزانہ اپنی سوچ اور روح کے ساتھ بھارت جوڑو یاترا میں شریک رہوں گی، میں یقیناً بھارت جوڑو یاترا کو براہ راست آگے بڑھتے ہوئے دیکھوں گی۔‘‘

سونیا گاندھی، تصویر ویپن
سونیا گاندھی، تصویر ویپن
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں بھائی چارہ اور اتحاد کو فروغ دینے کے مقصد سے کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ تمل ناڈو واقع کنیاکماری سے آج شروع ہو گئی۔ اس موقع پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سمیت کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے سرکردہ رہنما و کارکنان موجود رہے۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی خرابئ طبیعت کے سبب اس تاریخی ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں بہ نفس نفیس شریک نہیں ہو سکیں۔ اس تعلق سے انھوں نے ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔ انھوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ’’جاری طبی معائنہ کی وجہ سے میں آج شام کو کنیاکماری سے کشمیر تک چلنے والی تاریخی بھارت جوڑو یاترا کے آغاز کے وقت ذاتی طور پر آپ سب کے ساتھ نہیں ہوں، جس کا مجھے افسوس ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’یہ ہماری عظیم پارٹی، یعنی انڈین نیشنل کانگریس کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔ مجھے مکمل یقین ہے کہ ہماری تنظیم ایک بار پھر سے سرخرو ہوگی۔‘‘

بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہونے والے لیڈران اور عوام کو لے کر سونیا گاندھی نے اپنے تحریری پیغام میں خوشی کا اظہار بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ ہندوستانی سیاست میں ایک تبدیلی کا لمحہ ہے۔ میں خاص طور پر اپنے تقریباً 120 ساتھیوں کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں جو تقریباً 3600 کلومیٹر طویل پد یاترا کو مکمل کریں گے۔ سینکڑوں اور ہزاروں دوسرے لوگ بھی مختلف ریاستوں میں اس پد یاترا میں شامل ہوں گے، اور میں ان کو بھی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔‘‘


اپنے پیغام کے آخر میں سونیا گاندھی لکھتی ہیں کہ ’’اپنی بات کہوں تو میں روزانہ اپنی سوچ اور روح کے ساتھ بھارت جوڑو یاترا میں شریک رہوں گی۔ میں یقیناً بھارت جوڑو یاترا کو براہ راست آگے بڑھتے ہوئے دیکھوں گی۔ تو آئیے، ہم اپنے عزائم میں اتحاد اور مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھیں۔ جئے ہند۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */