'منی پور میں کسی کا گھر جلا، کسی کی بہن کی عصمت لوٹی گئی، کسی کے بھائی کا قتل ہوا'، وائناڈ پہنچے راہل کا مرکز پر حملہ

راہل گاندھی نے مرکز پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کوئی سخت قدم نہیں اٹھایا، یہ ایسا ہے جیسے کسی نے پورے منی پور میں مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگا دی۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، تصویر INCIndia</p></div>

راہل گاندھی، تصویر INCIndia

user

قومی آوازبیورو

کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی ہفتہ کے روز اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ پہنچے۔ وہاں انھوں نے اپنے خطاب کے دوران منی پور تشدد کو لے کر مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ بدانتظامی کی وجہ سے حالات کو بد سے بدتر بنا دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ "منی پور میں ہزاروں لوگ تشدد سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہزاروں افراد ہیں جنھوں نے ظلم برداشت کیا ہے اور نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔ کسی کا گھر جلا دیا گیا ہے، کسی کی بہن کے ساتھ عصمت دری کی گئی ہے، اور کسی کے بھائی اور والدین کا قتل کر دیا گیا ہے۔"

راہل گاندھی نے مرکز پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ "انھوں نے کوئی سخت قدم نہیں اٹھایا۔ یہ ایسا ہے جیسے کسی نے پورے منی پور میں مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگا دی۔" انھوں نے مزید کہا کہ "ہر جگہ خون، ہر جگہ قتل، ہر جگہ عصمت دری، منی پور میں یہی حالت ہے، اور وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں 2 گھنٹے 13 منٹ تک بات کی، لیکن انھوں نے منی پور پر دو منٹ بات کی۔ وہ ہنسے، مذاق کیا۔ ان کی کابینہ ہنسی، مذاق کیا۔ پارلیمنٹ میں انھوں نے خوب مزے لیے۔ پی ایم مودی نے ہر چیز کا تذکرہ کیا، میرے بارے میں بات کی، کانگریس کے بارے میں بات کی، اِنڈیا (اپوزیشن اتحاد) کے بارے میں بات کی، لیکن منی پور پر دو منٹ بات کی۔"


واضح رہے کہ راہل گاندھی وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ ہیں اور پارلیمانی رکنیت بحال ہونے کے بعد آج وہ پہلی بار وائناڈ پہنچ کر جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انھوں نے پارلیمنٹ میں دیئے گئے 'بھارت ماتا کے قتل' سے متعلق بیان کو بھی دہرایا اور کہا کہ منی پور میں ماؤں پر مظالم ہوئے ہیں، ان کے بیٹوں کو مار ڈالا گیا ہے، پناہ گزیں کیمپوں میں کئی مائیں تشدد کو یاد کر بے حال ہو جاتی ہیں۔ راہل گاندھی کہتے ہیں "میں نے پارلیمنٹ میں کہا کہ منی پور میں آپ نے بھارت ماتا کا قتل کیا ہے۔ آپ نے ہزاروں کنبوں کو تباہ کر دیا۔ آپ نے ہزاروں خواتین کی عصمت دری کا راستہ ہموار کیا، اور آپ ملک کے وزیر اعظم کی شکل میں ہنس رہے ہیں۔ آپ نے یہ کیسے کیا، آپ نے بھارت کی بے عزتی کیوں کی؟ آپ منی پور کیوں نہیں گئے، آپ نے تشدد کیوں نہیں روکنے کی کوشش کی، اس کا مطلب آپ نیشنلسٹ نہیں ہیں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔