کشمیر میں برف و باراں سے شبانہ درجہ حرارت میں کمی، موسم بہتر ہونے کا امکان

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں تاہم 9 اپریل سے موسم بہتر ہونے کا امکان ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں سے شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر کمی درج ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں تاہم 9 اپریل سے موسم بہتر ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شمالی ضلع کپوارہ کے بعض بالائی علاقوں بشمول کرناہ، مژھل اور کیرن میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرناہ میں سادھنا ٹاپ پر ایک فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے جس سے سڑک ایک بار پھر بند ہوگئی ہے۔ دریں اثنا وادی کشمیر میں بدھ کے روز موسمی حالات دگرگوں ہی رہے۔ کبھی مطلع پر گہرے بادل چھائے رہے تو کبھی آفتاب بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا۔ آفتاب اور بادلوں کے درمیان ایک دوسرے کو پچھاڑنے کی جد وجہد دن بھر جاری رہی۔


محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں برف وباراں کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر کمی درج ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 20.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سری نگر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 0.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 28.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ جس کے میدانی علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 23.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کپوارہ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 48.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ ککر ناگ میں جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 21.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ککر ناگ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 6.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔