نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت

ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے پہلی بار کورونا مثبت آنے کی اطلاع ان کے فرزند اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے آفئشل ٹوئٹر ہینڈل پر دی تھی۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ، تصویر یو این آئی
ڈاکٹر فاروق عبداللہ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کورونا ٹیسٹ ایک بار پھر مثبت آیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، جو اس وقت شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈٰیکل سائنسز صورہ سری نگر میں داخل ہیں، کا کورونا ٹیسٹ ایک بار پھر مثبت آیا ہے۔ موصوف کا 30 مارچ کو کورونا ٹیسٹ مثبت آٰیا تھا، جس کے چند روز بعد انہیں 3 اپریل کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر میں بہتر نگہداشت کے لئے داخل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے پہلی بار کورونا مثبت آنے کی اطلاع ان کے فرزند اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے آفئشل ٹوئٹر ہینڈل پر دی تھی۔ پچاسی سالہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے رواں ماہ کی 2 تاریخ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی تھی۔ ہر فرد کو کچھ ہفتوں کے فاصلے سے ویکسین کی دو خوراکیں دی جاتی ہیں اور فاروق عبداللہ کو ابھی تک صرف ایک خوراک دی گئی تھی۔ دریں اثنا عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ صحتیاب ہو رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ کورونا میں مبتلا مریضوں کو ٹیسٹ دوبارہ مثبت آنا کوئی خلاف معمول بات نہیں ہے۔ ان کا ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ ’یہ کوئی خلاف معمول بات نہیں ہے۔ کورونا میں مبتلا مریضوں کا اکثر کئی دنوں تک ٹیسٹ مثبت آتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ وہ (ڈاکٹر فاروق عبداللہ) صحتیاب ہو رہے ہیں اور انہیں اضافی آکسیجن سپورٹ کی ضرورت نہیں پڑتی ہے‘۔ بتا دیں کہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے لیڈروں اور کارکنوں کی طرف سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی فوری صحتیابی کے لئے دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */