مختار انصاری کو پنجاب لے جانے والی ایمبولنس کی تفتیش کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل

یمنا پرساد نے بتایا کہ پولیس یہ بھی جانچ کرے گی کہ ایمبولنس کس کے حکم سے جیل سے مختار انصاری کو لیکر گئی تھی اور مختار انصاری کا بارہ بنکی سے کیا رشتہ ہے۔

مختار انصاری / آئی اے این ایس
مختار انصاری / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بارہ بنکی: اتر پردیش کے زورآور لیڈر اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے رکن اسمبلی مختار انصاری کو پنجاب لے جانے کے لئے استعمال کی گئی ایمبولنس کی جانچ کے لئے خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ یمنا پرساد نے یہ اطلاع دی۔ الزام ہے کہ ایمبولنس کا رجسٹریشن جعلی کاغذات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔

یمنا پرساد نے بتایا کہ پنجاب جیل میں بند مختار انصاری کی طرف سے استعمال کی گئی ایمبولنس کے کاغذات جعلی ہیں۔ اس معاملہ کی جانچ کے لئے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ (شمال) کی قیادت میں ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے تحت دو ٹیمیں قائم کی گئی ہیں۔ ایک ٹیم میں حیدرگڑھ کے ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ نوین کمار کی قیادت میں مئو جائے گی جبکہ دوسری ٹیم کی قیادت انسپکٹر مہندر سنگھ کریں گے یہ ٹیم پنجاب میں جانچ کرے گی یہ ٹیمیں ایمبولنس کے ڈرائیور کو بھی تلاش کرے گی۔


یمنا پرساد نے بتایا کہ پولیس یہ بھی جانچ کرے گی کہ ایمبولنس کس کے حکم سے جیل سے مختار انصاری کو لیکر گئی تھی اور مختار انصاری کا بارہ بنکی سے کیا رشتہ ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ تمام نکات پر گہرائی سے جانچ کی جا رہی ہے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پنجاب کی روپڑ جیل میں قید زورآور مختار انصاری کو پنجاب کے موہالی کی عدالت میں پیش کرنے کے لئے ایک ایمبولنس کا استعمال کیا گیا تھا، جوکہ بارہ بنکی ضلع میں رجسٹرڈ ہے۔ ایمبولنس رفیع نگر میں رہنے والی ڈاکٹر الکا رائے کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ ڈویزنل محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانچ میں ڈاکٹر الکا رائے نے بارہ بنکی کے رفیع نگر کی باشندہ ہونے کا ووٹر آئی ٹی کارڈ لگا کر رجسٹریشن کرایا تھا، لیکن جب ووٹر آئی ڈی کی تفتیش کی گئی تو وہ فرضی نکلا۔ جس کے بعد اے آر ٹی او پنکج سنگھ نے الکا رائے کے خلاف معاملہ درج کرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔