’ڈوبتا جہاز، بھاگتے لوگ‘، اتراکھنڈ بی جے پی میں بھگدڑ کے ماحول پر کانگریس کا طنز

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی پارٹی میں مچی اس بھگدڑ سے کافی پریشان ہیں اور سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کے لیے راہیں بہت مشکل ہوں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

آئندہ سال اتراکھنڈ میں اسمبلی انتخاب ہونا ہے اور اس سے پہلے بی جے پی میں زبردست ٹوٹ پھوٹ کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ پہلے ہی کئی بی جے پی لیڈران و اراکین پارٹی کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ کابینہ وزیر ہرک سنگھ راوت نے ریاستی حکومت سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ دے دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ مزید ایک رکن اسمبلی نے بھی بی جے پی کو خیر باد کہہ دیا ہے۔

کانگریس کی اتراکھنڈ یونٹ کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اس معاملے میں طنز کستے ہوئے لکھا گیا ہے ’’ڈوبتا جہاز، بھاگتے لوگ۔‘‘ ساتھ ہی دو تصویریں شیئر کی گئی ہیں جن میں ایک کابینہ وزیر ہرک سنگھ راوت کے استعفیٰ کی خبر ہے اور دوسری تصویر میں رکن اسمبلی امیش شرما کاؤ کے بی جے پی چھوڑنے کا تذکرہ ہے۔


اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی پارٹی میں مچی اس بھگدڑ سے کافی پریشان ہیں اور سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کے لیے راہیں بہت مشکل ہوں گی۔ بی جے پی کے کئی لیڈران کانگریس کے رابطے میں ہیں، اس لیے بھی بی جے پی فکر میں مبتلا ہے۔ ایسے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ بی جے پی حکومت سے استعفیٰ دینے والے ہرک سنگھ راوت جلد کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔

ہرک سنگھ راوت نے اس بات پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ دیا کہ ان کے علاقے میں میڈیکل کالج کی منظوری نہیں دی جا رہی۔ وہ گزشتہ پانچ سالوں سے میڈیکل کالج کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن بی جے پی حکومت توجہ نہیں دے رہی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ جمعہ کو کابینہ میٹنگ کے دوران ہی ہرک سنگھ راوت نے استعفیٰ دے دیا اور میٹنگ سے باہر آ گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔