یو پی: سیتاپور میں دردناک حادثہ، تین مقامات پر دیوار منہدم، 7 افراد جاں بحق

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ان واقعات پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی ہر ممکن مدد فراہمی کی ہدایت دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سیتاپور: اترپردیش کے ضلع سیتاپور میں لگاتار ہو رہی بارش کی وجہ سے دیوار انہدام کے مختلف واقعات میں ایک ہی کنبے کے 4 اراکین سمیت 7 افراد کی موت ہوگئی۔ ضلع مجسٹریٹ وشال بھاردواج کے مطابق ضلع میں تین مقامات پر بارش کی وجہ سے منہدم ہوئی دیوار میں کل 7 افراد کی موت ہوئی ہے، جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک زخمی کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور دیگر دو زیر علاج ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق منوپور میں ایک ہی کنبے کے چار افراد کی ملبے کے نیچے دبنے سے موت ہوگئی۔اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور انتظامیہ کے افسران موقع واردات پر پہنچے۔کسماندہ بلاک کے کلیا ن پور گاؤں کے مزرعہ لکشمن پور کے رہنے والے ہریش کے کچے مکان کی دیوار 2:45 بجے منہدم ہوگئی۔دیوار گرنے سے اس کے اوپر موجود چھت بھی گر گئی۔


اس واقعہ میں ہریش کی ماں للی،دو بیٹے شیلندر (8 سال) اور شیوا (12 سال)، اور ان کے بہن کی لڑکی مہک، جو کہ دیوار کے قریب سورہی تھی، دیوار منہدم ہونے سے اس کے ملبے کے نیچے دب گئے۔دو دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔زخمی سمن (25 سال) اور شیوانی (10 سال) کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاع ملنے کے فوراً بعد سدھولی کے تحصیل دار آر پی سنگھ اورخیرآباد و منوپور کی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

ایک دوسرا واقعہ صدر پور علاقے کے بلولی ننکاری گاؤں میں پیش آیا۔ یہاں ایک دیوار منہدم ہونے سے اس کے ملبے کے نیچے دب کر میاں- بیوی کی موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق رام لوٹن اور ان کی بیوی انیتا سو رہی تھی کہ اسی وقت گھر کی دیوار گر گئی اور دونوں زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی گاؤں والوں نے انہیں باہر نکالا، لیکن تب تک ان کی موت ہوگئی۔


اسی طرح ایک تیسرے واقعہ میں صدر پور علاقے کے مہریا گاؤں میں دیوار کے نیچے دب کر ایک عمر رسیدہ شخص کرشنا موریہ کی موت ہوگئی ۔جب دیوار منہدم ہوئی کرشنا سورہے تھے۔ ڈی ایم وشال بھاردواج نے کہا کہ متاثرہ کنبوں کو اصول کے مطابق مالی تعاون دینے کی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس واقعہ پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی ہر ممکن مدد فراہمی کی ہدایت دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔