صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ سمیت کئی اہم سیاسی شخصیتوں نے پیش کی عیدالاضحیٰ کی مبارکباد

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بدھ کے روز کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں لوگوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ آپ سبھی کو عیدالاضحیٰ مبارک ہو، ہرایک ملک کے شہری کو عید مبارک۔‘‘

تصویر ویپن/قومی آواز
تصویر ویپن/قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی عیدالاضحیٰ کا تہوار ہندوستان میں کووڈ ضابطوں کی پاسداری کرتے ہوئے منایا جا رہا ہے۔ کچھ ریاستوں میں عید کی نماز کے لیے محدود افراد کی جماعت کو منظوری دی گئی، کہیں کرفیو لگا ہوا ہے اور کہیں مساجد میں نماز پڑھنے پر پابندی عائد رہی۔ اس درمیان ملک کی کئی اہم اور سرکردہ سیاسی شخصیات نے مسلمانوں کے اس تہوار پر مبارکباد پیش کی اور امن و امان کے لیے دعاء بھی کی۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ کچھ اہم سیاسی شخصیات نے کن الفاظ میں عید قرباں کی مبارکباد ہندوستانیوں کو پیش کی۔

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند:

صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک کے باشندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا جس میں لکھا ہے کہ ’’تمام ہم وطنوں کو عید مبارک۔ عید الاضحیٰ محبت، ایثار اور قربانی کے جذبے کا اظہار کرنے اور ایک شمولیتی معاشرہ میں اتحاد اور اخوت کے لئے کام کرنے کا تہوار ہے۔ آئیے، ہم کووڈ-19سے متعلق رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے معاشرے کے ہر ایک طبقے کی خوشحالی کے لئے کام کریں۔‘‘ صدر جمہوریہ کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے کیا گیا یہ ٹوئٹ انگریزی اور ہندی زبان کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں بھی ہے۔


نائب صدر جمہوریہ ونکیا نائیڈو:

نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو نے ملک کے باشندوں کوعید الاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک پیغام جاری کیا۔ بدھ کے روز جاری کردہ اس پیغام میں انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار ہمارے معاشرے میں ہم آہنگی لائے گا۔ ونکیا نائیڈو نے کہا کہ ’’عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک کے باشندگان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد ۔ ایشور کے تیئں اعتماد ،خودسپردگی اور قربانی کے اس تہوار کو عقیدے اور سادگی سے منائیں ۔ وبا کے اس دور میں محتاط رہیں ، محفوظ رہیں۔‘‘ نائب صدر جمہوریہ کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اردو میں ایک ٹوئٹ بھی کیا گیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ’’میں عیدالاضحیٰ کے اس پر مسرت اور مبارک موقعے پر تمام ہم وطنوں کو صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور درخواست کرتا ہوں کہ ایثار و قربانی کے اس علامتی تیوہار کو ہندوستانی معاشرہ کے تمام شعبوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے مشعلِ راہ بنائیں۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی:

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کے باشندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’عید مبارک! عیدالاضحیٰ کی پرخلوص مبارکباد۔ یہ دن اجتماعی ہمدردی، خیر سگالی اور اچھی خدمت کے جذبہ کو آگے بڑھائے۔‘‘

راہل گاندھی، کانگریس لیڈر:

کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بدھ کے روز کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں لوگوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ سبھی کو عیدالاضحیٰ مبارک ہو، ہرایک ملک کے شہری کو عید مبارک۔‘‘


پرینکا گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری:

کانگریس جنرل سکریٹری اور یو پی انچارج پرینکا گاندھی نے بھی ہندوستانی باشندوں کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور اس سلسلے میں کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’آپ سبھی کو عیدالاضحیٰ کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */