کانگریس کی سینئر لیڈر تاجدار بابر کا 85 سال کی عمر میں انتقال

سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے دور حکومت میں تاجدار بابر دہلی ریاستی کانگریس کی صدر رہیں، وہ طویل عرصے تک نئی دہلی میونسپل کونسل کی وائس چیئرمین بھی رہیں۔

تاجدار بابر، تصویر آئی اے این ایس
تاجدار بابر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کی سینئر لیڈر تاجدار بابر کا ہفتہ کے روز دہلی میں انتقال ہوگیا۔ وہ 85 برس کی تھیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور ان کے داماد عمران قدوائی نے بتایا کہ آج صبح انہوں نے آخری سانس لی۔ وہ طویل عرصے سے بیمار تھیں۔ ان کے کنبے میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں۔ ان کے بیٹے فرہاد سوری 2006 میں انٹیگریٹڈ دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر رہے تھے اور پانچ سال تک جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے اپوزیشن کے لیڈر بھی رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے دور حکومت میں تاجدار بابر دہلی ریاستی کانگریس کی صدر رہیں۔ وہ طویل عرصے تک نئی دہلی میونسپل کونسل کی وائس چیئرمین بھی رہیں۔ تاجدار بابر منٹو روڈ اسمبلی حلقہ سے دو بار اور ایک بار جنگ پورہ اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی رہ چکی ہیں۔ انھیں دہلی کی سیاست کا ’آئرن لیڈی‘ بھی کہا جاتا تھا۔ تاجدار بابر کے انتقال کی خبر ان کی پوتی یاسمین قدوائی نے بھی اپنے ٹوئٹر پر دی جو کہ خود بھی کانگریس سے جڑی ہوئی ہیں۔ اس خبر سے تاجدار بابر کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ کانگریس میں بھی غم کا ماحول پھیل گیا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */