راہل اور پرینکا نے مہاتما گاندھی اور لال بہادر شاستری کو ان کے یوم پیدائش پر سلام پیش کیا

راہل گاندھی نے صبح گاندھی جی کی سمادھی راج گھاٹ، اور شاستری جی کی سمادھی وجے استھل گئے اور ملک کے دونوں عظیم سپوتوں کو گلہائے عقیدت نذر کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔

مہاتما گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
مہاتما گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو ان کے یوم پیدائش پر پرخلوص خراج عقیدت پیش کیا۔ راہل گاندھی نے اس موقع پر ہفتہ کے دن عظیم لیڈروں کی سمادھی پر جا کر گلہائے عقیدت نذر کئے۔

راہل گاندھی صبح گاندھی جی کی سمادھی راج گھاٹ، اور شاستری جی کی سمادھی وجے استھل گئے اور ملک کے دونوں عظیم سپوتوں کو گلہائے عقیدت نذر کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے ایک ٹوئٹ بھی کیا جس میں لکھا ہے ’’فتح کے لیے صرف ایک ستیہ گرہ کافی ہے۔ مہاتما گاندھی کو دلی خراج عقیدت۔‘‘ شاستری جی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے ’’جے جوان جے کسان تھا، ہے اور رہے گا۔ شاستری جی کی سادگی اور عزم آج بھی ایک تحریک کا ذریعہ ہے۔ کانگریس کے اس لال کو سلام۔‘‘


دوسری طرف پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اصول و نظریات آج بھی اثرانداز ہیں۔ اپنے ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے’’سیاہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک میں، سونبھدر کے قبائلیوں و ہاتھرس کی دلت لڑکی کے لیے انصاف کی لڑائی میں و نفرت کے نظریات کے خلاف محبت کے نظریہ کی ابھرتی آواز میں باپو کے سچ، عدم تشدد اور انصاف کے نظریات کا پرچم آج بھی لہرا رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔