بی ایم سی انتخابات میں شکست پر سنجے راؤت کا چھلکا درد، ایکناتھ شندے کو بتایا شیو سینا کا ’جے چند‘
شیو سینا (یو ٹی بی) کے لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ اگر ایکناتھ شندے شیو سینا کا جے چند نہیں بنتے تو ممبئی میں بی جے پی کا میئر کبھی نہیں بنتا! مراٹھی عوام شندے کو جے چند کے نام سے یاد رکھیں گے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور ایکناتھ شندے اتحاد نے مہاراشٹر کے میونسپل انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ شیو سینا (ادھو ٹھاکرے) کو کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان نتائج کے بعد شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما سنجے راؤت کا درد چھلک اُٹھا اور انہوں نے ایکناتھ شندے کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’جے چند‘ بتایا۔ راؤت نے کہا کہ اگر انہوں نے پارٹی کو دھوکہ نہ دیا ہوتا تو ممبئی کا میئر بی جے پی کا نہیں بنتا۔
مہاراشٹر کے شہری بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سنجے راؤت نے ’ایکس‘پر پوسٹ کرکے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایکناتھ شندے شیو سینا کا جے چند نہیں بنتے تو ممبئی میں بی جے پی کا میئر کبھی نہیں بنتا! مراٹھی عوام شندے کو جے چند کے نام سے یاد رکھیں گے۔
سنجے راؤت نے پارٹی سے غداری کرنے پر ایکناتھ شندے کو ’جئے چند‘ کا نام دیا جس کو تاریخ میں سب سے بڑے دھوکے باز کے طور پر جانا جاتا ہے۔ شیو سینا نے 1997 سے 2022 تک مسلسل بی ایم سی میں حکومت کی۔ حالانکہ اب 25 سال بعد بی جے پی اتحاد نے اسے بی ایم سی سے باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔
جمعہ کو آئے بی ایم سی انتخابات کے نتائج میں بی جے پی نے 89 سیٹیں جیتی ہیں، جب کہ بی جے پی کی حلیف ایکناتھ شندے کی شیوسینا نے 29 پر کامیابی حاصل کی ہے۔ اس اتحاد نے بی ایم سی کی 227 میں سے 118 سیٹیں جیت کر میئر کا عہدہ حاصل کیا۔ ٹھاکرے برادران نے 72 سیٹیں جیتیں۔
غور طلب ہے کہ ایکناتھ شندے نے 39 ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر پارٹی قیادت ادھو ٹھاکرے کے خلاف بغاوت کی اور 2022 میں شیو سینا کی حکومت کو گرا دیا تھا۔ تب سے شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما سنجے راؤت ایکناتھ شندے کو باقاعدہ طور سے غدار قرار دیتے ہوئے انہیں نشانہ بنا رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔